لیفٹیننٹ جنرل مطلق سعودی عرب کی اتحادی افواج کے نئے کمانڈر نامزد

278

ریاض: سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبد العزیز نے شہزادہ فہد بن ترکی کو برطرف کرنے کے بعدسعودی فوج کے نائب چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل مطلق بن سالم العظیمہ کو یمن میں سعودی عرب کی زیرِقیادت اتحادی افواج کا کمانڈر تعینات کردیا ہے۔

بی بی سی کے مطابق جنرل العظیمہ کی تعیناتی سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی تجویز پر کی گئی ہے۔

یاد رہے کہ چند روز قبل ہی سعودی شاہ سلمان نے مالی بدعنوانی کے الزام میں اس فوج کے کمانڈر شہزادہ فہد بن ترکی کو اس عہدے سے برطرف کر دیا تھا۔

ان کے صاحبزادے شہزادہ عبدالعزیز بن فہد بن ترکی کو بھی الجوف کے نائب گورنر کے عہدے سے برطرف کر دیا گیا ہے۔

سعودی وزارت دفاع کی ویب سائٹ پر شائع ہونے والی معلومات کے مطابق جنرل العظیمہ ایک ’قابل افسر‘ ہیں اور تازہ شاہی حکم سے قبل بھی وہ مختلف فوجی عہدوں پر فائز رہے ہیں۔