کراچی کے مسائل کی سب سے بڑی وجہ انتظامی اختیارات کا منقسم ہونا ہے، وزیر اعظم

340

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت کو کراچی کے مسائل کا مکمل ادراک ہے، کراچی کے مسائل کی سب سے بڑی وجہ انتظامی اختیارات کا منقسم  ہونا رہا ہے، حالات کا تقاضا ہے کہ واٹر سپلائی اسکیم، سیوریج ٹریٹمنٹ اینڈ ڈسپوزل، سالڈ ویسٹ منیجمنٹ اور بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی سے متعلق  اختیارات ایک بااختیار ایڈمنسٹریٹر / لوکل گورنمنٹ کو تفویض کیے جائیں۔

وزیر اعظم نے ان خیالات کا اظہار جمعرات کو کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کے حوالے سے اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، اجلاس میں  وفاقی وزرا اسد عمر، سینٹر شبلی فراز، سید امین الحق، سید علی حیدر رضوی، گورنر سندھ عمران اسمعیل (بذریعہ ویڈیو لنک) چئیرمین این ڈی ایم اے لیفٹنٹ جنرل محمد افضل اور متعلقہ محکموں کے سیکرٹری صاحبان شریک ہوئے۔

اجلاس میں کراچی کے دیرینہ مسائل کے حل کے حوالے سے جامع منصوبے”کراچی ٹرانسفارمیشن پلان” کا جائزہ  لیا گیا ،وزیراعظم عمران خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صاف پانی کی فراہمی،سیوریج، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ، نالوں کی صفائی اور ٹرانسپورٹ کے حوالے سے کراچی کے عوام کو بے شمار مسائل درپیش ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ماضی میں ان مسائل کے  مستقل بنیادوں پر حل کو نظر انداز کیا جاتا رہا۔ حالیہ بارشوں نے جہاں انتظامی ڈھانچے کے مسائل کو اجاگر کیا ہے وہاں کراچی کے عوام کو تحاشہ مسائل سے دوچار کیا ہے جس کا وفاقی حکومت کو مکمل ادراک ہے۔

“کراچی ٹرانسفارمیشن پلان” پر بات کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ منصوبے کی کامیابی کے لئے ضروری ہے کہ اس پلان کے تحت مختلف منصوبوں پر مقررہ ٹائم لائنز میں عمل درآمد  کو یقینی بنانے کے لئے بااخیتار اور موثر نظام تشکیل دیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کے مسائل کی سب سے بڑی وجہ انتظامی اختیارات کا منتقسم ہونا رہا ہے اور اس امر کی بارہا  وفاقی  اور صوبائی حکومت کی جانب سے  نشاندہی کی جاتی رہی ہے۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ حالات کا تقاضا ہے کہ واٹر سپلائی اسکیم، سیوریج ٹریٹمنٹ اینڈ ڈسپوزل، سالڈ ویسٹ منیجمنٹ اور بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی سے متعلق  اختیارات ایک بااختیار ایڈمنسٹریٹر / لوکل گورنمنٹ کو تفویض کیے جائیں۔