حکومت کے الیکٹرک کی سر پرستی بند کرے،حافظ نعیم الرحمن

599

کراچی:امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کا کہنا ہےکہ حکومت کے الیکٹرک کی سرپرستی بند کرکے بجلی کی قیمتوں میں اضافہ واپس لے۔

حافظ نعیم الرحمن  نے وفاقی حکومت کی طرف سے کراچی کے شہریوں کے لیے کے الیکٹرک کے ٹیرف میں 1.89روپے اضافے کی منظوری کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے کراچی کے ستم رسیدہ اور گھمبیر مسائل کے شکار عوام کے ساتھ  مزید ظلم و نا انصافی قرار دیا ہے۔

امیر کراچی کا کہنا تھا کہ حکومت ایسے وقت میں جب کے الیکٹرک کا لائسنس منسوخ کرنے اور اسے قومی تحویل میں لینے کا مطالبات کیے جا رہے ہیں تو حکومت اسے سہولت اور تحفظ فراہم کر رہی ہے۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ  کے الیکٹرک سے یہ کیوں نہیں پوچھا جاتا کہ اس نے اپنی کارکردگی بہتر بنانے اور پیداواری صلاحیت میں اضافہ کرنے کے لیے معاہدے کے تحت کی جانے والی سرمایہ کاری کیوں نہیں کی؟ اپنے ترسیلی نظام کو ابھی تک بہتر کیوں نہیں بنایا؟

حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ کے الیکٹرک کی نا اہلی و ناقص کارکردگی کورونا وباء اور سخت گرمی و حبس کے موسم میں بھی شہریوں کو بد ترین لوڈشیڈنگ سے دوچار کرنا، حالیہ بارشوں میں تقریباً پورے شہر کو بجلی سے محروم کردینا، کرنٹ لگنے سے اموات اور اووربلنگ کی بڑھتی ہوئی شکایات کے باوجود وفاقی حکومت کی طرف سے کے الیکٹرک کی خواہش پر ٹیرف میں اضافہ نہ صرف سمجھ سے بالا تر ہے بلکہ کراچی کے عوام کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے۔