بحریہ ٹاؤن متاثرین کے چیک ریفنڈ مثبت پیش رفت ہے، سیف الدین ایڈوکیٹ

628

کراچی: پبلک ایڈ کمیٹی کے صدر سیف الدین ایڈوکیٹ کا کہنا ہے کہ بحریہ ٹاؤن متاثرین کے چیک ریفنڈ مثبت پیش رفت ہے۔

جماعت اسلامی کراچی پبلک ایڈکمیٹی کے تحت بحریہ ٹاؤن کے متاثرہ الاٹیز کے مسائل کے حل کے لیے قائم مذاکراتی کمیٹی کے ارکان اور متاثرہ الاٹیز کا ایک مشاورتی اجلاس ادارہ نور حق میں منعقد ہوا، اجلاس کی صدارت مذاکراتی کمیٹی کے سربراہ و صدر پبلک ایڈ کمیٹی سیف الدین ایڈوکیٹ نے کی۔

 اجلاس میں متاثرہ الاٹیز کو بحریہ ٹاؤن سے ہونے والے تحریری معاہدے پر عمل درآمد، اب تک ہونے والی مثبت پیش رفت اور مسائل کے حل میں تاخیر و رکاوٹوں کے بارے میں تفصیلی آگاہ کیا گیا۔

سیف الدین ایڈوکیٹ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ بحریہ ٹاؤن کے سربراہ ملک ریاض کے ساتھ ہونے والے تحریری معاہدے پر مکمل عمل درآمد ہوگا اور بیرون ملک مقیم پاکستانی سمیت اندورن ملک ہزاروں الاٹیز کو ریلیف ضرور ملے گا۔

 گزشتہ دو ماہ کے دوران ہونے والی پیش رفت میں متاثرین کو ان کے چیک ملنے شروع ہو گئے ہیں اور ری لوکیشن کے مسائل بھی حل ہو رہے ہیں۔ کورونا وباء سے پیدا شدہ صورتحال کے باعث کچھ تاخیر ہوئی ہے، امید ہے کہ آنے والے دنوں میں الاٹیز کو مزید ریلیف ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے ہمیشہ لوگوں کے مسائل کے حل کرانے کی ہر ممکن کوشش کی ہے اور بحریہ ٹاؤن کے متاثرین کے مسائل کے حل ہونے تک ہم ان کے ساتھ ہیں۔ ان کو ہر گز تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

سیف الدین ایڈوکیٹ  نے مزید کہا کہ یہ بڑی بد قسمتی ہے کہ ملک کے اندر موثر حکومت اور بہتر عدالتی نظام نہیں ہے اگر ہوتا تو آج متاثرین بحریہ ٹاؤن کے ساتھ وہ کچھ نہ ہوتا جو ہورہا ہے۔