پر امید ہوں کراچی کے مسائل کا حل نکلے گا،مصطفی کمال

145

کراچی (نمائندہ جسارت) پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کہا ہے کہ کراچی کے مسائل کا حل نکالنا ناگزیر ہو چکا ہے، ایک دوسرے پر الزام تراشیوں کا کوئی فائدہ نہیں ہے، دلوں کے حال تو نہیں جانتا لیکن پر امید ہوں کہ کراچی کے مسائل کا حل نکلے گا۔ تجاوزات کے خلاف آپریشن ضروری ہے لیکن ریاست ماں جیسی ہوتی ہے، چھت فراہم کرنا ریاست کی ذمے داری ہے۔ حکومت سندھ نالوں کے ارد گرد غیر قانونی طور پر آباد خاندانوں کو 3 مختلف علاقوں میں سو گز زمین اور ایک لاکھ روپے فراہم کرنے کے بعد تجاوزات گرائے۔کراچی ڈویژن کے ذمے داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کو وزیر اعلیٰ سندھ سے بات کرنے کے لیے کوئی آئین کی کتاب کھولنے کی ضرورت نہیں ہے، کراچی بھی پاکستان کا حصہ ہے، وفاق بھی یہاں کام کر سکتا ہے۔ اٹھارویں ترمیم کے ذریعے جہاں ڈسٹرکٹ شہر اور یوسی کو خود مختار ہونا تھا وہاں صوبائی خودمختاری کے نام پر وزیر اعلیٰ خود مختار ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کی درست مردم شماری کروائی جائے تو اس شہر کی آبادی ڈھائی سے 3 کروڑ بنتی ہے، اس تناسب سے کراچی کی قومی اور صوبائی اسمبلی کی نشستوں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے۔