اداروں کے درمیان ٹکرائو ملک وقوم کے مفاد میں نہیں، کاشف شیخ

128

کراچی (نمائندہ جسارت)جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکرٹری کاشف سعید شیخ نے کہا ہے کہ اداروں کے درمیان ٹکرائو ملک وقوم کے مفاد میں نہیں ہے، وفاقی ،صوبائی اور شہری حکومت سمیت تمام اداروں کو اپنے اپنے دائرہ کار میں رہتے ہوئے ملک کی ترقی، قوم کی فلاح وبہبود خاص طور پر حالیہ بارشوں سے متاثرین کی امداد وبحالی کے لیے ہنگامی بنیاد پر اقدامات کریں۔ انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ اس وقت کراچی تا کشمور سندھ کے عوام مہنگائی ،بیروزگاری،
بدامنی سمیت بے شمار مسائل کا شکار ہیں، حالیہ بارشوں کی وجہ سے بڑے پیمانے پر فصلیں تباہ، مال مویشی کا نقصان ہوا، غریب لوگ بے یارومددگار کھلے آسمان تلے بیٹھنے پر مجبور ہیں۔لاکھوں ایکڑ زمین پر کھڑی فصلیں مکمل طور پر تباہ ہوچکی ہیں ۔ سندھ حکومت گزشتہ 12 سال سے اقتدار میں ہونے کے باوجود کراچی سمیت تمام بڑے شہروں کا انفرااسٹرکچر بہتر بنانے ،صحت، تعلیم اور روزگار سمیت کوئی بھی سہولت دینے سے قاصر ہے جبکہ حالیہ بارشوں نے موجودہ حکمرانوں کے تمام تر دعوئوں پر پانی پھیر دیا ہے، سندھ کے عوام پہلے ہی تبدیلی کے دعویدار حکمرانوں کی جانب سے مہنگائی کے سونامی، بیروزگاری، بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ کی وجہ سے مسائل کا شکار تھے لیکن حالیہ بارشوں نے رہی سہی کسر بھی پوری کردی ۔