صحابہؓ پر لعن طعن کرنے والے کسی نرمی کے مستحق نہیں، مفتی تقی ، مفتی منیب

347

کراچی(نمائندہ جسارت) شیخ الاسلام مولانا مفتی محمد تقی عثمانی اور مولانا مفتی منیب الرحمن نے کہا ہے کہ یوم عاشور پر ماتمی جلوس میں حضرات صحابہ کرامؓپر لعن طعن کرنے والے شرپسند کسی نرمی کے مستحق نہیں۔حکومت فوری طور پر انہیں گرفتار کر کے عبرت ناک سزا دے تاکہ آئندہ کوئی ایسی حرکت نہ کرسکے۔کراچی سمیت ملک بھر کے ائمہ مساجد اور خطبا جمعہ کو یوم عظمت صحابہ کے طور پر صحابہ کی شان اور مناقب بیان کریں۔وہ ڈاکٹر محمد عادل خان کی سربراہی میں علماکمیٹی کے
وفد سے گفتگو کررہے تھے۔وفد میں قاری محمد عثمان، مولانا اورنگزیب فاروقی و دیگر علما شامل تھے۔دونوں اکابرین نے کراچی سمیت اندرون سندھ اور ملک بھر کے علماکرام، ائمہ مساجد اور خطباسے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ اصحاب رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی پاکیزہ جماعت کی آپس کی رشتے داریوں اور پیار ومحبت والی اصل تاریخ سے عامتہ المسلمین کو آگاہ کریں۔ مفتی محمد تقی عثمانی اور مفتی منیب الرحمن نے کہا کہ صحابہ کرامؓ اور اہل بیت عظام کی رتی بھر گستاخی برداشت نہیں کی جائے گی۔ دریں اثناعلماکمیٹی سمیت مفتی جان محمد نعیمی،مولانا عبدالوحید،مفتی عابد مبارک، صاحبزادہ مفتی امجد نعمان نعمانی،مولانا عقیل انجم، علامہ قاضی احمد نورانی، مولانایوسف قصوری،حافظ محمد سلفی،مولانا افضل سردار و دیگر علما نے جمعہ کو یوم عظمت صحابہ کے طور پر منانے کے لیے ائمہ مساجد و خطبا سے اپیل کی ہے۔ نیز علماکمیٹی کے زیر اہتمام آج بنوریہ لان سائٹ کراچی میں مولانا ڈاکٹر محمد عادل خان کی صدارت میں ائمہ مساجد و علماکنونشن بھی منعقد کیا جارہا ہے جس میں صحابہ کرامؓ کی شان میں 10 محرم کے جلوسوں میں گستاخانہ تقاریر کے خلاف آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان بھی کیا جائے گا۔