درست مردم شماری کے بغیر بلدیاتی حلقہ بندیاں و انتخابات غیر آئینی ہونگے ،پیپلزپارٹی

145

کراچی (نمائندہ جسارت)پیپلز پارٹی سندھ نے متنازع مردم شماری کے عارضی اعداد وشمار کے تحت بلدیاتی حلقہ بندیوں اور بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کو غیر آئینی قرار دے کر الیکشن کمیشن کو خط لکھ دیا ۔پی پی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے اس حوالے سے چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھ کر پریس کانفرنس میں تفصیلات سے آگاہ کیا۔ نثار کھوڑو نے بدھ کو سندھ اسمبلی کے کمیٹی روم میں تاج حیدر، وقار مہدی اور راشد ربانی کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 2017ء کی مردم شماری میں سندھ کی آبادی کو کم دکھایا گیا جس پر تاحال اعتراضات ہیں۔ نثار کھوڑو نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں نے مردم شماری کی عارضی لسٹ پر صرف 2018ء کے عام انتخابات کے انعقاد پر حامی بھری تھی۔ انہوں نے کہا کہ عام انتخابات کے بعد اب مردم شماری میں آبادی کے حتمی اعداد وشمار شامل کیے بنا بلدیاتی حلقہ بندیاں اور بلدیاتی انتخابات کا انعقاد غیرآئینی ہوگا۔ نثار کھوڑو نے کہا کہ عام
انتخابات کے بعد دیگر تمام انتخابات مردم شماری کی حتمی لسٹ پر کرائے جائیں جس پر تمام سیاسی جماعتوں نے اتفاق کیا تھا۔ نثار کھوڑو نے کہا کہ مردم شماری کی حتمی لسٹ کے اجرا سے قبل مردشماری کے 5 فیصد بلاکس کی دوبارہ چیکنگ پر بھی اتفاق کیا گیا تھا مگر الیکشن کمیشن کی جانب سے تاحال 5 فیصد مردم شماری کے بلاکس کی دوبارہ چیکنگ نہیں کرائی گئی نہ ہی مردم شماری کی حتمی لسٹ کا اجرا کیا گیا ہے۔ نثار کھوڑو نے کہا کہ الیکشن کمیشن مردم شماری کی حتمی لسٹ کے اجراسے قبل عارضی اعداد وشمار کے تحت بلدیاتی حلقہ بندیاں اور بلدیاتی انتخابات کرانے کا اعلان کرکے غیرآئینی طریقہ استعمال کر رہی ہے،آئینی تقاضے پورے کیے بنا مردم شماری کے عارضی اعدادو شمار کے تحت بلدیاتی انتخابات کے اعلان پر اعتراض ہے،ہم الیکشن کمیشن سے مطالبہ کرتے ہیں کہ بلدیاتی انتخابات کے لیے آئینی تقاضے پورے کیے جائیں اور مردم شماری میں آبادی کے اعداد وشمار ٹھیک کیے جائیں،الیکشن کمیشن اگرمردم شماری میں آبادی کے حتمی اعداد وشمار شامل کیے بنا بلدیاتی انتخابات کے لیے آئینی تقاضے پورے نہیں کرے گی تو یہ غیرآئینی اقدام ہوگا۔ نثار کھوڑو نے کہا کہ مردم شماری میں آبادی کے اعداد کو ٹھیک نہیں کیا گیا تو این ایف سی میں صوبے کو کم حصہ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ واحد صوبہ ہے جس نے 4 سالہ بلدیاتی اداروں کی مدت پوری کی ،پیپلز پارٹی بلدیاتی انتخابات کرانا چاہتی ہے،بلدیاتی نظام کو مزید بہتر کرنا چاہتے ہیں۔ نثار کھوڑو نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ کسی کو بھی ایڈمنسٹریٹر مقرر کرنا صوبائی حکومت کا اختیار ہے تاہم ایڈمنسٹریٹرز افسران یا سول سوسائٹی سے بھی ہو سکتے ہیں ،جلد ایڈمنسٹریٹرز مقرر کردیے جائیں گے۔