حیدر علی ڈیبیو نصف سنچری بنانے میں کامیاب

150

سید پرویز قیصر
حیدر علی نے اپنے بین الاقوامی کیریر کا آغاز نصف سنچری کے ساتھ کیا۔ انہوں نے انگلینڈ کے خلاف مانچسٹر میں کھیلے گئے تیسرے ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچ میں66 منٹ میں 33 گیندوںپر5چوکوں اور2 چھکوں کی مدد سے54 رنز بناکر ایسا کیا۔
دائیں ہاتھ سے بلے بازی کرنے والے حیدر علی نے 15ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلنے کے بعد پہلا ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچ کھیلا۔ وہ پہلے ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچ میں نصف سنچری بنانے والے پاکستان کے پہلے اور کل ملاکر45 ویں بلے باز بنے۔ اب تک 45 میں سے 3 بلے بازوں نے سنچری کے ساتھ اپنے ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی کیریر کا آغاز کیا ہے۔
پہلے ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچ میں سنچری بنانے والے پہلے بلے باز کینڈا کے رویندر پال سنگھ تھے جنہوں نے کیمن آئس لینڈ کے خلاف سانڈیز پاریش میں 18 اگست 2019 کو کھیلے گئے میچ میں48 گیندوں پر6 چوکوں اور10 چھکوں کی مدد سے101 رنز بنائے تھے۔ا س کے 2 دن بعدیعنی20 اگست 2019 کوونڈہوک میں کھیلے گئے میچ میں نامیبیا کے جین پیری کوٹز نے بوٹسوانا کے خلاف 43 گیندوں پر7 چوکوں اور9چھکوں کی مدد سے آئوٹ ہوئے بغیر101 رنز بنائے تھے۔
پہلے ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچ میں سب سے بڑا اسکور کرنے کا اعزاز سربیا کے لیسلی دنبار کے پاس ہے۔ انہوں نے بلغاریہ کے خلاف کورفو میں 14 اکتوبر2019 کو61 گیندوں پر 5 چوکوں اور10 چھکوں کی مدد سے آئوٹ ہوئے بغیر 104 رنز بنائے تھے۔یہ انکا پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ بھی تھا۔ یونان کے خلاف دوسرے دن وہ پہلی ہی گیند پر صفر پر آئوٹ ہوئے تھے۔ دائیں ہاتھ سے بلے بازی کرنے والے اس کھلاڑی نے ابھی تک 2 ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے ہیں جو ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچ تھے۔
آسڑیلیا کے ریکی پونٹنگ نے نیوزی لینڈ کے خلاف آکلینڈ میں17 فروری 2005 کو کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچ میں62 منٹ میں55 گیندوں پر8چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے آئوٹ ہوئے بغیر 98 رنز بنائے تھے جو ٹیسٹ اور ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کا درجہ رکھنے والی ٹیموں میں پہلے ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچ میں سب سے بڑا اور کل ملاکر چوتھا سب سے بڑا اسکور ہے۔ انہوں نے تاریخ کے پہلے ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچ میں ایسا کیاتھا۔اسکے بعد ریکی پونٹنگ نے16 ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچ کھیلے مگر اس سے بڑا اسکور نہیں بناسکے۔
حیدر علی سے پہلے پاکستان کی جانب سے3 کھلاڑیوں نے پہلے ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچ میں 40رنز سے بڑا اسکور بنایا تھا مگر کوئی بلے باز نصف سنچری بنانے میں کامیاب نہیں ہوا۔ ان سے پہلے پاکستان کے لئے پہلے ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچ میں سب سے بڑا اسکور بنانے کا ریکارڈ رعمر امین کے پاس تھا جنہوں نے ویسٹ انڈیز کے خلاف کنگس ٹائون میں27 جولائی2013 کو کھیلے گئے میچ میں41 منٹ میں34 گیندوں پر9 چوکوں کی مدد سے 47 رنز بنائے تھے۔
محمد حفیظ نے انگلینڈ کے خلاف برسٹل میںاپنے پہلے ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچ میں46 رنز کی شاندار اننگ کھیلی تھی۔