بھٹ شاہ ہالا لنک روڈ اور اللہ والا چوک سے موری تک سڑک نہ بن سکی

194

بھٹ شاہ (نمائندہ جسارت) بااثر ٹھیکیدار کی من مانی، سال سے زائد عرصہ گزر گیا بھٹ شاہ ہالا لنک روڈ اور اللہ والا چوک سے موری تک سڑک نہ بن سکی، حکومت نے کام نا مکمل ہونے کے بعد بھی ٹھیکیدار کو کروڑوں روپے جاری کردیے۔ بااثر ٹھیکیدار ارشاد ڈاھری کی من مانی، ایک سال سے زائد عرصہ گزر گیا، بھٹ شاہ ہالا لنک روڈ اور اللہ والا چوک سے بھٹ شاہ موری تک سڑک نہ بن سکی، ہالا لنک روڈ مون سون کی برسات کے بعد انتہائی خراب حالت میں ہے جس کی وجہ سے اہل محلہ، نمازیوں، بچوں، خواتین اور شہریوں کو آنے جانے میں شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ سڑک کا کام نہ مکمل ہونے کے بعد بھی حکومت نے ٹھیکیدار کو کروڑوں روپے جاری کردیے۔ بھٹ شاہ پولیس اسٹیشن سے اللہ والا چوک تک پیور بلاک کی سڑک بنائی گئی ہے جس میں ناقص پیور بلاک کی اینٹیں اور میٹریل استعمال کیا گیا ہے، ایک طرف کی سڑک ابھی تک نا مکمل ہے۔ برسات کے پانی کی نکاسی کے لیے بھی کوئی بندوبست نہیں کیا گیا، پانی روڈ پر کھڑا رہتا ہے، کاغذی کارروائی میں سڑک کو مکمل بنایا گیا ہے۔ شہریوں نے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، رکن قومی اسمبلی مخدوم جمیل الزماں، صوبائی وزیر ریونیو مخدوم محبوب الزماں، چیف سیکرٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ، کمشنر حیدر آباد محمد عباس بلوچ سے مطالبہ کیا ہے کہ نا اہل ٹھیکیدار کیخلاف کارروائی کرکے سڑک کا کام مکمل کیا جائے۔