سندھ حکومت ریلیف کے کاموں میں مصروف ہے، عبدالجبار خان

111

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے رُکن صوبائی اسمبلی عبدالجبار خان نے اپنے حلقے میں پھلن بالادی گوٹھ، پنہور گوٹھ، کولھی گوٹھ، ٹاؤن کمیٹی ہوسڑی اور دیگر علاقوں کے دورے کیے اور وہاں بارش کے پانی کی نکاسی کے کاموں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر عبدالجبار خان نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت سندھ میں تباہ کن بارشوں سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار اور شہری و دیہی علاقوں میں ریلیف کے کاموں میں مصروف ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے حلقے کے عوام کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی ہیں اور اب بھی ہم اپنے لوگوں کے ساتھ کھڑے ہیں، انہیں مصیبت کی اس گھڑی میں نہ تو مایوس ہونے دیں گے اور نہ ہی تنہا چھوڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ معمول سے بہت زیادہ بارشیں ہوئی ہیں اس کے باوجود شہری و دیہی علاقوں میں بارش کے پانی کی نکاسی کے لیے ضلعی انتظامیہ، ادارہ ترقیات حیدر آباد کی انتظامیہ اور منتخب نمائندے دن رات مصروف ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ بارش کے ہوتے ہی فوری طور پر سڑکوں، گلی، محلوں سے پانی کی نکاسی کردی جاتی ہے، جس کی وجہ سے زندگی معمول پر آجاتی ہے۔ کچھ نشیبی علاقوں اور کچی آبادیوں میں اب بھی بارش کا پانی جمع ہے، جس کی نکاسی کے لیے حتی الامکان کوشش کی جارہی ہے اور جلد ہی یہاں سے پانی نکال دیا جائے گا۔