بلدیاتی نمائندوں کے زیر استعمال گاڑیاں واپس کرنے کا حکم

87

ٹنڈوالٰہیار (نمائندہ جسارت) محکمہ بلدیات سندھ نے بلدیاتی نمائندوں کے زیر استعمال گاڑیاں مدت ختم ہونے کے بعد واپس کرنے کا حکم جاری کردیا ہے۔ محکمہ بلدیات نے بلدیاتی نمائندوں سے گاڑیاں واپس لینے کے سلسلے میں کراچی سمیت سندھ بھر کے میونسپل کمشنرز، سندھ بھر کے تمام ڈسٹرکٹ کونسل کے چیف افسران، ٹائون کمیٹیز اور سیکرٹری یونین کمیٹیز کو مراسلہ جاری کر دیا ہے۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ تمام بلدیاتی نمائندوں کے زیر استعمال گاڑیاں فوری واپس لی جائیں اور بغیر کسی تاخیر کے زیر استعمال گاڑیوں کی انوینٹری تیار کی جائے۔ مراسلے کے مطابق بلدیاتی مدت ختم ہونے کے بعد سرکاری گاڑیوں کا استعمال غیر قانونی ہے، جو نمائندے گاڑیاں واپس نہیں کر رہے ہیں ان سے متعلق پروفارمہ تیار کیا جائے۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ تمام گاڑیاں محکمہ بلدیات کے ٹرانسپورٹ پول کو ویری فکیشن کے لیے بھیجی جائیں، جبکہ گاڑیوں کی حوالگی کے حوالے سے تین دن میں رپورٹ محکمہ بلدیات کو فراہم کی جائے۔