بدین، مویشیوں کی ویکسینیشن کے لیے مفت طبی کیمپ

202

بدین (نمائندہ جسارت) لائیو اسٹاک اور فشریز کے صوبائی وزیر سندھ عبدالباری پتافی نے بدین پہنچ کر محکمہ لائیواسٹاک بدین کی جانب سے بارشوں کے دوران مال مویشی میں پھیلنے والی بیماریوں کی ویکسینیشن کے لیے وسی پیر عالیشاہ میں لگائے گئے مفت طبی کیمپ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی پیر نور اللہ قریشی، رکن صوبائی اسمبلی حاجی تاج محمد ملاح، میر اللہ بخش تالپور، پیپلز پارٹی ضلع بدین کے صدر حاجی رمضان چانڈیو، ایریا واٹر بورڈ کے چیئرمین قبول محمد کھٹیان، ڈی او پلاننگ بدین ڈاکٹر علی نواز بھوت، ڈائریکٹر لائیو اسٹاک سندھ احتشام الحق رانا، ڈاکٹر دودو چانڈیو اور ڈاکٹر عبدالغفور میمن بھی موجود تھے۔ صوبائی ویزر کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو اسٹاک بدین جمال الدین جونیجو نے بتایا کہ مون سون کی بارشوں کے دوران مویشوں میں پھیلنے والی بیماریاں جس میں رتاودست، پھپھڑی، ساماڑو شامل ہیں جس کی ویکسین کے لیے ضلع بدین کی پانچوں تحصیل میں 12 کیمپ قائم کیے گئے ہیں جبکہ 5 موبائل ٹیمیں بھی تشکیل دی گئی ہیں جو دیہات اور راستوں پر کھڑے مویشیوں کی ویکسینیشن کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت تک ہم ایک لاکھ سے زائد مویشیوں کی ویکسینیشن کرچکے ہیں۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نے کہا کہ ضلع بدین میں شدید بارشوں کے باعث ضلع کے نشیبی علاقے زیر آب آچکے ہیں، جس کے باعث ان علاقوں کے لوگ اپنے مال مویشی تھر پارکر ضلع میں منتقل کررہے ہیں، جس کی ویکسینیشن کے لیے شادی لارج، حیات خاصخیلی اور علی بندر پر فوری طور پر ویکسینیشن کیمپ قائم کر کے وہاں سے گزرنے والے مویشیوں کی ویکسینیشن کی جائے۔