حیدرآباد ،پابندی کے باوجود پولیس منشیات کی فروخت روکنے میں ناکام

78

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ کی جانب سے پابندی کے باوجود ہوسڑی پولیس مین پوری، گٹکا سمیت دیگر نشہ آوور اشیاء کی فروخت روکنے میں ناکام، علاقے میں مین پوری، گٹکا، چرس، افیون، کچی شراب سمیت دیگر نشہ آوور اشیاء کھلے عام فروخت ہورہی ہیں جبکہ ایس ایس پی حیدر آباد بھی خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق چند ایجنٹوں کے ذریعے پولیس ان اڈوں سے ہفتہ وصول کررہی ہے جبکہ خانہ پوری کے لیے شریف لوگوں کو تنگ کیا جارہا ہے۔ علاقے کی سیاسی و سماجی شخصیات نے ہوسڑی میں منشیات اور مین پوری گٹکے کے کھلے عام کاروبار پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہائی کورٹ کے واضح احکامات کے باوجود پولیس کھلے عام جرائم پیشہ افراد کی سرپرستی کررہی ہے۔ انہوں نے حکام بالا سے مطالبہ کیا کہ علاقے میں ہونے والے غیر قانونی کاموں کو روک کر نوجوان نسل کو تباہی سے بچایا جائے۔