ای سی سی اجلاس،کراچی کے لیے بجلی ایک روپے یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری

154

اسلام آباد(خبر ایجنسیاں) کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی )نے کے الیکٹرک کیلیے سہہ ایڈجسٹمنٹ ٹیرف کے تحت بجلی 1.09 روپے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری دیدی۔ بدھ کو کابینہ ڈویژن میںمشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت ای سی سی کا اجلاس ہوا جس میں کے الیکٹرک کیلیے 2016 تا 2019 تک کے عرصے کیلیے سہ ٹیرف ایڈجسٹمنٹ کی بھی منظوری دی گئی۔ایڈجسٹمنٹ کے مطابق کے الیکٹرک بجلی کی قیمتوں میں 1.09 روپے یونٹ کے حساب سے اضافہ کرسکے گی۔ای سی سی نے کے الیکٹرک کو 4 ارب 70 کروڑ روپے جاری کرنے کی بھی منظوری دیدی ہے۔ فنڈز کے الیکٹرک کے لیے مالی سال 2020-21 کے منظورشدہ بجٹ سے جاری کیے جائیں گے۔اجلاس میں نیویارک میںروزویلٹ ہوٹل کے مالیاتی مسائل پرقابوپانے کیلیے ای سی سی کی قائم کردہ کمیٹی کی سفارش پرپی آئی اے انویسٹمنٹ لمیٹڈ کیلیے 142 ملین ڈالرکی منظوری دے دی گئی۔ یہ کمیٹی منصوبہ بندی کمیشن کے ڈپٹی چیئرمین کی ہدایت پرقائم کی گئی ہے اوراس میں سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری ہوابازی اورسیکرٹری قانون وانصاف ڈویژن شامل ہیں۔