سندھ یونیورسٹی کرپشن کیس کے دو ملزمان کی عبوری ضمانتیں منظور

142

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)سندھ یونیورسٹی میں 71کروڑ روپے کی کرپشن کا معاملہ۔ اینٹی کرپشن کی صوبائی عدالت نے وی سی کے پی آر او سمیت ایک لیکچرار کی عبوری ضمانت منظور کرلی ۔عدالت نے اسسٹنٹ پروفیسر راجا ڈاہر کو سات روزہ ریمانڈ پر اینٹی کرپشن
پولیس کے حوالے کردیا۔ اینٹی کرپشن پولیس نے گذشتہ روز اسسٹنٹ ڈائریکٹر اینٹی کرپشن ساجد بھٹو کی مدعیت میں 78افراد جن میں سندھ یونیورسٹی کے وائس چانسلر سمیت موجودہ اور سابقہ افسران، رجسٹرار، ڈی ایف، برسر، پرچیز آفیسر، پی ڈی، ٹرانسپورٹ آفیسر، اسٹیٹ آفیسرشامل ہیں کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔چھاپوں کے دوران اینٹی کرپشن پولیس نے وائس چانسلر کے پی آر او عبدالحفیظ ابڑ،لیکچرار سید سردار شاہ، اسسٹنٹ پروفیسر راجا ڈاہر کو حراست میں لیا تھا جنہیں بدھ کے روز اینٹی کرپشن کی صوبائی عدالت حیدرآباد میں پیش کیا گیا جہاں وکلاء کے دلائل سننے کے بعد پی آر او عبدالحفیظ ابڑو اور لیکچرار سید سردار شاہ کی ایک ایک لاکھ روپے کی عبوری ضمانت 5ستمبر تک کے لیے منظور کرلی گئی جبکہ اسسٹنٹ پروفیسر راجا ڈاہرکے حوالے سے اینٹی کرپشن پولیس نے ریمانڈ کی استدعا کی جو کہ عدالت نے منظور کرتے ہوئے راجا ڈاہر کو سات روزہ جسمانی ریمانڈ پر اینٹی کرپشن پولیس کے حوالے کردیا۔ وائس چانسلر فتح محمد برفت سمیت دیگر افراد کی جانب سے بھی ضمانت قبل ازیں گرفتاری کی کوشش کی جارہی ہیں جبکہ اینٹی کرپشن پولیس کی جانب سے دیگر نامزد ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپوں کا سلسلہ بھی جاری ہے ۔