اپوزیشن کی رہبر کمیٹی کا اجلاس طویل عرصے بعد آج ہوگا

255

اسلام آباد(صباح نیوز) اپوزیشن کی رہبر کمیٹی کا اجلاس طویل عرصے کے بعد آج دوپہر 2 بجے اسلام آباد میں کنونیئرسابق
وفاقی وزیر اکرم خان درانی کی صدارت میں ہوگا، اجلاس میں اپوزیشن کی دونوں بڑی جماعتوں مسلم لیگ (ن)،پیپلزپارٹی، دینی و قوم پرست جماعتیں شریک ہوں گی،رہبر کمیٹی کا اجلاس متحدہ حزب اختلاف میں قانون سازی کے معاملات پر اختلافات کے نتیجے میں طویل عرصے کے بعد ہورہا ہے۔ متعدد بار آل پارٹیز کانفرنس کے انعقاد کے اعلانات کے باوجود اپوزیشن جماعتیں اکٹھا ہونے میں ناکام رہیں، بار بار اعلانات ہوتے رہے ، صوبوں میں اے پی سی ہوئیں مگر دونوں بڑی جماعتوں کے اے پی سی سے متعلق عدم تعاون کے رویے کے نتیجے میں یہ نہ ہوسکی ۔اپوزیشن کی دونوں بڑی جماعتیں متحدہ حزب اختلاف کی بحالی کے لیے سرگرم ہوگئیں، ذرائع کا دعویٰ ہے کہ پارلیمنٹ میں فیٹف اور اقوام متحدہ کی قراردادوں سے متعلق حالیہ قانون سازی کے معاملات پر اپوزیشن جماعتوں کے عدم تعاون کے معاملے کو آج رہبر کمیٹی میں بھی اٹھایا جائے گا۔