ٹھٹھہ، زمین پر قبضہ کرنے پر وہی برادری کا پولیس کیخلاف احتجاج

685

 

ٹھٹھہ (نمائندہ جسارت) سندھ پولیس میں تعینات پولیس آفیسر غلام محمد زرداری اور ان کے ساتھیوں کی جانب سے مکلی میں بروہی اتحاد کے رہنما پیر بخش بروہی کے پلاٹ پر ناجائز مبینہ تعمیراتی کام شروع کرنے کیخلاف ٹھٹھہ کی بروہی برادری نے مکلی بائی پاس روڈ کو بند کرکے تین گھنٹے تک دھرنا دیا اور پولیس آفیسر کیخلاف مقدمہ درج کرکے کارروائی کا مطالبہ کیا، ٹھٹھہ پولیس کی جانب سے مقدمہ درج کرنے کی یقین دہانی کے بعد دھرنے کو ختم کیا گیا، سی آئی اے کے انچارج سمیت پانچ افراد کیخلاف مکلی پولیس تھانے میں مقدمہ درج ۔ پی پی کی مرکزی رہنما فریال تالپور کے انتہائی قریب سمجھے جانے والے سی آئی اے سجاول کے انچارج غلام محمد زرداری نے مکلی میں بروہی اتحاد کے رہنما پیر بخش بروہی کے پلاٹ پر مبینہ طور پر رات کے وقت ناجائز تعمیراتی کام شروع کر رکھا ہے، جس کیخلاف آل سندھ بروہی اتحاد کی اپیل پر ٹھٹھہ کے سیاسی، سماجی حلقوں نے سندھ بروہی اتحاد کے مرکزی رہنما محمد عالم بروہی، لطف اللہ بروہی، نصیر بروہی، سردار پیر بخش بروہی، پی ٹی آئی ضلع ٹھٹھہ کے صدر رئیس ارسلان بروہی، ملاح اتحاد کے مرکزی رہنما ڈاڈا آدم گندرو، آزاد بروہی، نظام بروہی کی سربراہی میں سیکڑوں گاڑیوں کا قافلہ احتحاجاً ٹھٹھہ سے گشت کرتے ہوئے مکلی بائی پاس پہنچا اور ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے روڈ پر دھرنا دے کر سخت احتجاج کیا اور مذکورہ پولیس آفیسر کیخلاف نعرے بازی کی۔ اس موقع پر سندھ بروہی اتحاد کے مرکزی رہنما محمد عالم بروہی، لطف اللہ بروہی، نصیر بروہی، سردار پیر بخش بروہی، ڈاڈا آدم گندرو نے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سندھ کے ایما پر غلام محمد زرداری نے اپنے ساتھیوں کی مدد سے مکلی پر معززین کے پلاٹوں پر قبضے کرکے رات کے اندھیرے میں تعمیراتی کام شروع کرکے سخت کشیدگی پیدا کردی ہے۔ پلاٹ کے تنازع کا فیصلہ ٹھٹھہ کے معززین نے کرکے کسی بھی فریق کو تعمیراتی کام نہ کرنے کی تلقین کی تھی لیکن انہوں نے طاقت کے زور پر تعمیراتی کام شروع کرکے فیصلے سے انحراف کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ پولیس آفیسر پی پی رہنما فریال تالپور کے بہت قریبی سمجھے جاتے ہیں، جس کے ایما پر انہوں نے معززین کے پلاٹوں پر قبضے کر رکھے ہیں، مذکورہ پولیس آفیسر کیخلاف کارروائی نہیں ہوئی تو سندھ بھر میں احتجاج کی اپیل کی جائے گی۔ بروہی برادری کے سخت احتجاج اور دھرنے کی وجہ سے کراچی اور ٹھٹھہ روڈ تین گھنٹے تک بند رہا، جس کی وجہ سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ بعد ازاں ڈی ایس پی ٹھٹھہ کی جانب سے قبضہ مافیا کیخلاف مقدمہ درج کرنے کی یقین دہانی کے بعد احتجاج ختم کیا گیا۔ بعد ازاں مکلی پولیس تھانے میں سجاول سی آئی اے کے انچارج غلام محمد زرداری، غلام حسین زرداری اور تین نامعلوم افراد کیخلاف قبضہ گیری کا مقدمہ درج کیا ہے۔