سکھر،سیپکو نے اعلانیہ، غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ میں اضافہ ، تاجر پریشان

283

 

سکھر (نمائندہ جسارت) سیپکو نے اعلانیہ، غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ میں اضافہ کردیا،، شہر کے مختلف گنجان آباد اور کاروباری مراکزمیں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 12 سے 16 گھنٹے تک پہنچ گیا، بجلی کی آنکھ مچولی کا سلسلہ الگ جاری، گھریلو اور کاروباری زندگی سخت متاثر، شہریوں کا سیپکو چیف سے لوڈشیڈنگ کے دورانیے میں کمی کا مطالبہ۔ سیپکو کی جانب سے شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی اعلانیہ اور غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کے دورانیے میں اچانک اضافہ کردیا گیا ہے اور چند روز سے شہر کے مختلف علاقوں نیو یارڈ کالونی، بیدل بیکس کالونی، پٹھان کالونی، گوٹھ رجب دایو، گول علی واہن، جی ٹی روڈ، اسٹیشن روڈ، گورگیج محلہ، کربلا میدان، ٹکر محلہ، میمن محلہ، رضوانی محلہ، بولن شاہ محلہ، شاہی بازار، ڈھک بازار سمیت دیگر رہائشی اور کاروباری علاقوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 12 سے 16 گھنٹے تک پہنچ گیا ہے اور بجلی کی آنکھ مچولی کا سلسلہ الگ جاری ہے۔ غیر اعلانیہ اضافی لوڈشیڈنگ کے باعث شہر کے مختلف علاقوں کے مکین شدید پریشان ہیں تو دوسری جانب لوڈشیڈنگ کے باعث گھریلو اور کاروباری سرگرمیاں بھی شدید متاثر دکھائی دے رہی ہیں۔ شہر کے مختلف علاقوں میں غیر اعلانیہ سولہ گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ پر شہریوں محمد سلیم غوری، محسن بوزدار، غلام حسین قاضی، شاہد بلوچ، جاوید عباسی، شان غوری، حضور بخش بھٹو، زاہد بلوچ، حسام قاضی، شیخ سلیم، نجیب شاہ، شہزاد جسکانی و دیگر نے گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سیپکو کی کارکردگی کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ سیپکو کی جانب سے اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا شیڈول بڑھا دیا گیا ہے، جس کی وجہ سے خواتین اور بچوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے تو دوسری جانب دکاندار بھی لوڈشیڈنگ سے پریشان ہوگئے ہیں، شکایات کے باوجود متعلقہ سب ڈویژن کے ایس ڈی او سمیت عملہ شہر کے مختلف علاقوں میں جاری غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے لاعلم ہیں اورکئی روز سے کی جانی والی شکایات کا اب تک ازالہ ممکن نہیں ہوسکا ہے۔ علاقہ مکینوں نے سیپکو چیف سمیت دیگر بالا حکام سے نوٹس لے کر شہر کے مختلف علاقوں میں شیڈول سے ہٹ کر لوڈشیڈنگ کا نوٹس لے کر علاقہ مکینوں کو بجلی کے حوالے سے درپیش مشکلات سے نجات دلانے کا مطالبہ کیا ہے۔