تحریک انصاف کی تبدیلی عوام کیلیے ڈرائونا خواب بن گئی ، جاویدقصوری

99

 

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب و صدر ملی یکجہتی کونسل پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی تبدیلی عوام کے لیے ڈرائونا خواب بن چکی ہے۔ حکمرانوں نے سب سے زیادہ نوجوانوں کو مایوس کیا، ایک کروڑ نوکریوں کے وعدہ کرکے لوگوںکو نوکریوں سے فارغ کیا جارہا ہے۔ مہنگائی بے روزگاری اورغربت سے تنگ آکر لوگ خودکشیاں کرنے پر مجبور ہوچکے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف عوامی وفود سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ فرسودہ اور ظالمانہ نظام میں صرف اور صرف چہرے بدلتے ہیں، طریقہ کار نہیں۔ حقیقی تبدیلی کے لیے ضروری ہے کہ دیانت دار قیادت کو آگے لایا جائے اور اسلام کے عادلانہ نظام کو رئج کیا جائے۔ جماعت اسلامی کے علاوہ کوئی سیاسی جماعت عوام کی خدمت نہیں کرسکتی۔ ہم نے اقتدار سے باہر رہ کر بھی ہر مشکل وقت میں قوم کی خدمت کا فریضہ سرانجام دیا ہے اور یہ سلسلہ الحمدللہ ہنوز جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس گلزار احمد نے درست کہا ہے کہ حکومت کے پاس اہلیت ہی نہیں ہے، ایک طرف پاکستان میں پرائیویٹ اداروں کی اجارہ داری قائم ہے جبکہ دوسری طرف حکومت سرکاری اداروں کو اپنے پائوں پر کھڑا کرنے میں بری طرح ناکام دکھائی دیتی ہے۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ 2019-20ء کے مالی سال کے دوران پاکستان پر قرضوں کے بوجھ میں 4340 ارب روپے کا اضافہ ہوگیا ہے۔ مجموعی قرضوں اور واجبات کی کل مالیت 44 ہزار 563 ارب کی بلند ترین سطح پر آگئی ہے۔ وفاقی حکومت نے یومیہ 11 ارب 89 کروڑ روپے کے قرضے حاصل کیے ہیں، پی ٹی آئی نے اپنے دو سالہ اقتدار میں مجموعی طور پر 14 ہزار 684 ارب کا قرضہ حاصل کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فرانسیسی میگزین کی جانب سے توہین آمیز خاکے دوبارہ شائع کرنے کے اعلان کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، ایسے جارحانہ اقدام سے اربوں مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچا کر کفار دنیا کا امن تباہ وبرباد کرنا چاہتے ہیں۔ ماضی میں بھی امریکا، سوئیڈن، فرانس، ناروے میں توہین آمیز خاکے جاری کیے جاتے رہے ہیں۔ حکومت پاکستان سفارتی دبائو استعمال کرتے ہوئے اس گھنائونی حرکت کیخلاف عالمی رائے عامہ ہموار کرے۔