میرپورخاص،دکانداروں کا بجلی کی عدم فراہمی پر احتجاج

75

میرپورخاص (نمائندہ جسارت ) بجلی کی عدم فراہمی پر حیسکو کے خلاف بلدیہ شاپنگ کمپلکس کے دکانداروں کی جانب سے بلدیہ چوک پر سخت احتجاجی مظاہرہ ، مشتعل افراد کی جانب سے ایم اے جناح روڈ پر ٹائر نذر آتش کر کے سڑک بند کر دی ، مظاہرین کی جانب سے حیسکو کے خلاف سخت نعرے بازی۔ تفصیلات کے مطابق بلدیہ شاپنگ کمپلکس اور مارکیٹ چوک کے دیگر دکانداروں کی جانب سے بجلی کی عدم فراہمی پر حیسکو انتظامیہ کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اور مشتعل افراد کی جانب سے ایم اے جناح روڈ پر ٹائر نذر آتش کرکے حیسکو کے خلاف شدیدنعرے بازی کی گئی احتجاج اور ٹائر نذر آتش کرنے کی وجہ سے ٹریفک بری طرح جام ہو کر رہ گئی جس کی وجہ سے عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ اس موقع پر بلدیہ الیکٹرونکس ایسوسی ایشن کے صدر آصف چودھری و دیگر کا کہنا تھا کہ گزشتہ 8 روز سے بلدیہ شاپنگ سینٹر کا ٹرانسفارمر خراب پڑا ہے جس کی اطلاع حیسکو انتظامیہ کو بروقت دی گئی مگر کوئی شنوائی نہیں ہورہی ہے نہ کوئی دیکھنے کے لیے آیا بجلی نہ ہونے سے ہمارا کاروبار بری طرح سے متاثر ہو کر رہ گیا ہے۔ دوسری جانب شہر کے بیشتر علاقوں جن میں ٹورآباد، پرانی نمائش، چاکی پاڑہ، ہیرا آباد اورتھامس آباد و دیگر علاقے شامل ہیں ان علاقوں میں بھی گزشتہ کئی روز سے بجلی مسلسل بند پڑی ہے جس پر وہاں کے علاقہ مکین شدید مشتعل ہیں۔