بلوچستان ،کسٹم اہلکاروں نے اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی

88

کوئٹہ(نمائندہ جسارت)بلو چستان کے ضلع چا غی کے علاقے دالبندین میں کسٹم چیک پوسٹ پرمختلف گاڑیوں میں غیر ملکی سامان اسمگلنگ کی کو شش نا کام بنا دی گئی ہے غیر ملکی سامان معہ چار گاڑیوں کو قبضے میں لے لیا ، برآمدکیے گئے سامان کی ملکیت 3کروڑ روپے سے زائد بتا ئی جا رہی ہے ۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ماڈل کسٹمز کلکٹریٹ کوئٹہ کے کلکٹر عرفان جاوید کو خفیہ اطلاع ملی کہ نا معلوم اسمگلر غیر ملکی سامان اسمگل کرنے کی کوشش کرر ہے ہیں جس پر انہوں نے ایڈیشنل کلکٹر یاسر کلوڑ اور اسسٹنٹ کلکٹر ہمیر خان کو خصوصی ہدایت دی بلکہ کارروائی کے لیے سپرنٹنڈنٹ سلیم مندوخیل اور انچارج چیک پوسٹ انسپکٹر محمد رفیق کو ذمے داری سونپی گئی جنہوں نے گزشتہ روز کارروائی کرتے ہوئے مین آر سی ڈی شاہراہ پر بارڈر سے اندرون ملک جانے والی متعدد گاڑیوں جن میں ہینو بس ٹرک اور زمباد پک اپ شامل میں چھپائی گئی چھالیہ ،کپڑا ، ٹائرز،آٹو پارٹس، دودھ پاوڈر، پرفیومز،ا سپرے، آئرن راڈز برآمد کرکے قبضے میں لے لیے ۔کسٹم حکام کے مطابق قبضے میں لی جانے والی سامان کی مالیت 3کروڑ روپے بنتی ہے کسٹم کی جانب سے بلوچستان کے مختلف علاقوں سے اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے بھرپور کارروائیاں کی جا رہی ہیں تاکہ بلوچستان کو اس سے نجات دلا کر ملک کی معیشت کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ ایف بی آر سے ملنے والے اہداف کو عبور کیا جاسکے۔ کلکٹر کسٹم عرفان جاوید نے کہا ہے کہ کسٹم کا عملہ کم افرادی قوت اور کم وسائل کے باوجود اپنے فرائض منصبی احسن طریقے سے سر انجام دے رہا ہے اور اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہے ہیں۔