نالہ لئی منصوبہ مکمل ہوگیا تو سیاست چھوڑ دوں گا، شیخ رشید

93

اسلام آباد(صباح نیوز) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اگر نالہ لئی منصوبہ مکمل ہوگیا تو سیاست کو خیر آباد کہہ دوں گا، سیاست سے کوئی پچھتاوا نہیں، اللہ تعالیٰ نے بہت کچھ دیا ہے، سیاست چھوڑ کر کتاب میں سچ لکھوں گا، تنقید کی پروا نہیں۔ ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ کراچی کی بہتری کے لیے وفاق اور سندھ حکومت کو مل کر چلنا چاہیے، یقین ہے سندھ کو بڑا ریلیف ملے گا، فرنٹ فٹ پر کھیل رہے ہیں، مولانا فضل الرحمن کے سوا کوئی اپوزیشن لیڈر نہیں۔ شیخ رشید نے کہاکہ نواز شریف کے لیے سرنڈر کرنا ہی بہتر ہے اگر وہ سرنڈر نہیں
کریں گے تو پارٹی قیادت شہباز شریف کے پاس چلی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ دونوں بڑی جماعتوں کو اسمبلیوں سے مستعفی ہوتا نہیں دیکھ رہا۔ انہوں نے کہاکہ سعودی عرب کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں۔وفاقی وزیر نے کہاکہ مشرف کے وزیراعظم شوکت عزیز کے ساتھ اچھے تعلقات نہیں تھے ۔ شوکت عزیز کو شارٹ کٹ وزیراعظم کہنے پر انہوں نے مجھے وزارت اطلاعات سے ریلوے میں بھیج دیا اس سازش میں چودھری بھی ان کے ساتھ شامل تھے۔ این آراو دینا پرویز مشرف کی بڑی غلطی تھی چودھری برادران این آراو کا راستہ نہیں روک سکے، عمران خان اپنی تحریک کو طاہر القادری سے الگ رکھنا چاہتے تھے۔