وزارت داخلہ کا سنتھیا رچی کو 15روز میں ملک چھوڑنے کا حکم

219

اسلام آباد (آن لائن ) وفاقی وزارت داخلہ نے امریکی شہری سنتھیا رچی کے ویزے میں توسیع کی درخواست مسترد کرتے ہوئے 15 روز میں پاکستان چھوڑنے کا حکم دے دیا ۔ امریکی شہری سنتھیا رچی کے ویزے کی مدت 31 اگست کو ختم ہوچکی ہے اور انہوں نے ویزے کی
توسیع کے لیے درخواست دی تھی۔ امریکی شہری سنتھیا رچی نے ٹوئٹر پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ وزارت داخلہ کے فیصلے کو چیلنج کروں گی ‘ امید ہے اعلیٰ سطح پر میری درخواست کو سنا جائے گا۔ علاوہ ازیں اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے امریکی بلاگر سنتھیا رچی کی رحمان ملک کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست کا 3 ہفتے میں فیصلہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے رحمان ملک کے خلاف مقدمہ اندراج کی درخواست مسترد کرنے کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔ عدالت کی طرف سے جاری6صفحات پر مشتمل حکم نامے میں عدالت نے سنتھیا رچی کی مقدمہ اندراج کی درخواست مسترد کرنے کے فیصلے کے خلاف پٹیشن منظور کرلی اور کہا کہ سیشن کورٹ نے5 اگست کے فیصلے میں اختیارات سے تجاوز کیا‘ آرڈر پاس کرتے وقت قانون اور عدالت عظمیٰ کے فیصلوں کو مدنظر نہیں رکھا‘ عدالت نے سیشن جج کو سنتھیا رچی کی درخواست پر سماعت کے لیے معاملہ جسٹس آف پیس کو بھجوانے کی ہدایت کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ5 اگست کا فیصلہ سنانے والے جج کے پاس کیس دوبارہ نہ بھیجا جائے‘ فریقین کو سن کر3ہفتے میں درخواست پر فیصلہ کیا جائے۔ دریں اثنا اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے پی ٹی آئی کے صوبائی وزیر علیم خان کی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی سے متعلق کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا ۔