غزہ میں اسرائیلی ناکابندی3 بچوں کی جان لے گئی

388
غزہ: موم بتی کے باعث لگنے والی آگ سے گھر تباہ ہوگیا ہے‘ غم سے نڈھال باپ اپنے بچوں کو آخری آرام گاہ لے جارہا ہے

غزہ (انٹرنیشنل ڈیسک) فلسطین کے محصور علاقے غزہ میں اسرائیلی ناکابندی کے باعث 3 بچے جاں بحق ہوگئے۔ فلسطینی ذرائع ابلاغ کے مطابق اسرائیلی ناکابندی کے باعث غزہ کو ایندھن کی فراہمی نہ ہونے سے علاقے کو بجلی کی فراہمی معطل ہے اور دن میں صرف 4 گھنٹے ہی بجلی آتی ہے۔ منگل اور بدھ کی درمیانی شب مخیم نصیرات کے علاقے میں والدین نے رات کے وقت موم بتی جلائی، جس سے گھر میں آگ بھڑک اٹھی۔ حادثے میں ان کے 3 بچے محمد، محمود اور یوسف جاں بحق ہوگئے، جن کی عمریں 4 سے 6 سال کے درمیان تھیں۔ واضح رہے کہ قابض صہیونی ریاست نے غزہ پر 13 سال سے بدترین اقتصادی پابندیاں عائد کررکھی ہیں، جس کے باعث محصور پٹی میں انسانی بحران ہے۔ دوسری جانب قابض اسرائیلی حکام نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر سلفیت میں کفر الدیک کے مقام پر کئی فلسطینی خاندانوں کو زیرتعمیر مکانات کی تعمیر کا کام جاری رکھنے سے روک دیا۔ مقامی فلسطینی ذرائع کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج کی طرف سے فلسطینی شہریوں کو نوٹس جاری کیے گئے ہیں کہ وہ اپنے زیرتعمیر مکانات کی تعمیر کا کام روک دیں۔ سلفیت میں کفر الدیک کے مقام پر محمد درویش، ضیا زیاد درویش، یاسین علی احمد، ہانی زیک، نافز علی احمد ، رضا حمد اور اشرف ناجی کو مکانات کی تعمیر روکنے کے احکامات جاری کیے گئے ۔اس کے علاوہ احمد عبدالرحیم ذیب اور محومد عزات علی احمد کو زرعی املاک کی تعمیر روکنے کے نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔