کلفٹن کنٹونمنٹ بورڈ کے دفتر میں توڑ پھوڑ کا مقدمہ درج

148

کراچی ( اسٹاف رپورٹر )کلفٹن کنٹونمنٹ بورڈ کے دفتر کے باہر احتجاج کا معاملہ ،سی بی سی آفس پر حملہ کرنے ، ریاستی اداروں کے خلاف نعرے بازی ، دفتر میں توڑ پھوڑ ، سیکورٹی سپروائزر کو زدو کوب کرنے ، پولیس اہلکاروں سے دست وگریبان اور دہشت پھیلانے پر درخشاں تھانے میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔پولیس نے ملزمان کی شناخت کیلیے کیمروںکی فوٹیج منگوالی۔تفصیلات کے مطابق خیابان راحت ڈیفنس فیز فائیو میں واقع کلفٹن کنٹونمنٹ بورڈ کے باہر علاقے سے بارش کا پانی نہ نکالنے اورکئی دن سے مسلسل پانی کھڑے ہونے پر احتجاج کے دوران ہنگامہ آرائی کرنے کے خلاف درخشاں تھانے میں سیکورٹی سپر وائزر منورحسین کی مدعیت میں ایف آئی آر نمبر409/2020دفعہ 353/148/148/506/34پی پی سی کے تحت درج کرلی گئی۔ مقدمے کے متن کے مطابق شر پسند افراد نے دفتر کے شیشے توڑے اور املاک کو نقصان پہنچایا، شر پسند عناصر کی جانب سے عملے کو دھمکیاں بھی دی گئیں ۔متن کے مطابق سیکورٹی سپروائزر کو زدوکوب کیا گیا اور پولیس اہلکاروں سے ہاتھا پائی کی گئی۔ایف آئی آر کے مطابق مظاہرہ کرنے والے افراد کے ہمراہ شرپسند عناصر بھی تھے، ایف آئی آر میں نامزد کے علاوہ نامعلوم ملزمان بھی شامل ہیں۔پولیس کے مطابق ایف آئی آر درج ہونے کے بعد ہنگامہ آرائی میں ملوث ملزمان کی شناخت کے لیے سی بی سی کے دفتر کے قریب کیمروں کی فوٹیج منگوائی ہے۔