ہائیکورٹ نے انسانی حقوق کی آگاہی سے متعلق درخواست نمٹادی

159

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائیکورٹ نے آئین پاکستان میں درج بنیادی انسانی حقوق اور قوم کو آگاہی دینے کے لیے نصاب تعلیم میں شامل کرنے سے متعلق دائر درخواست کو صوبائی حکومت کی جانب سے پیش رفت رپورٹ پیش کیے جانے کے بعد نمٹادیا ، جسٹس محمد علی مظہر کی سر براہی میں 2 رکنی بینچ نے آئین پاکستان میں درج بنیادی انسانی حقوق اور قوم کو آگاہی دینے کے لیے نصاب تعلیم میں شامل کرنے سے متعلق محمد رفیق کلوڑ ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت کی۔سماعت کے موقع پر سندھ حکومت کے محکمہ تعلیم کی جانب سے نصابی کتب اور پیش رفت رپورٹ پیش کی گئی جس میں کہا گیا تھا کہ سندھ میں نویں، دسویں، گیارہویں اور بارہویں جماعت کی کتابوں میں بنیادی حقوق کے حوالے سے باب شامل کردیے گئے ہیں۔اس موقع پر ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل سندھ شہریار مہر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ آئین پاکستان عوام کو کون کون سے حقوق دیتا ہے، طلبہ تعلیم کے حصول کے دوران ہی جان سکیں گے۔