پاک بحریہ کا بارش سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو آپریشن جاری

134

کراچی ( اسٹاف رپورٹر )پاک بحریہ کا کراچی اور اندرون سندھ کے بارش سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اینڈریلیف آپریشن جاری ہے۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پاک بحریہ کی ایمرجنسی ریسپانس ٹیموں نے کورنگی کاز وے پر ڈوب جانے والے افراد کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری رکھا ہوا ہے۔پاک بحریہ کی ریسکیوٹیموں نے کراچی کے مختلف علاقوں میں محصور افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔نیوی کے عملے نے یوسف گوٹھ، سرجانی ٹاؤن،ناظم آباد اور دیگر متاثرہ علاقوں کے ہزاروں افراد کو تیار کھانا اور پینے کا صاف پانی فراہم کیا جبکہ پاک بحریہ کی میڈیکل ٹیموں نے مختلف علاقوں میں محصور سیکڑوں افراد کو طبی امداد بھی فراہم کی،اس دوران متاثرہ علاقوں میں امدادی آپریشن کے دوران اقدامات کی بہتری کے لیے مختلف علاقوں کا فضائی جائزہ لیا گیا۔ترجمان پاک بحریہ کے مطابق میر پور بٹھورو میں سیم نالے کا شگاف پُر کرنے کے لیے پاک بحریہ کی ٹیمیں اور ضروری سامان روانہ کر دیا گیا۔اس کے علاوہ سجاول کے سیکڑوں بارش متاثرین میں راشن بیگز بھی تقسیم کیے گئے۔