یوسف گوٹھ ، سرجانی و دیگر علاقوں سے بارش کا پانی فوری نکا لا جائے ، حافظ نعیم

252
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کریمی چورنگی سرجانی میں بارش متاثرہ مکینوں کے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کررہے ہیں

 

کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ سرجانی ٹاؤن میں بارش کے پانی کی 10دن سے زاید ہونے کے باوجود ابھی تک نکاسی نہیں کی گئی ،ہزاروں خاندان آج بھی شدید مشکلات و پریشانیوں کا شکار ہیں ، لوگوں کا بڑے پیمانے پر مالی نقصان بھی ہوا ہے ، حکومت اور متعلقہ ادارے فوری طور پر یوسف گوٹھ سمیت سرجانی ٹاؤن کے متاثرہ علاقوں سے بارش کے پانی کی نکاسی کا انتظام
کریں ان کے مسائل حل کیے جائیں اور مکینوں کے نقصانات کا ازالہ کیا جائے ،جماعت اسلامی متاثرین کے ساتھ ہے ، ان کی ہر ممکن مدد کریں گے ،ضلع شمالی کے تحت قائم کیمپ میں متاثرین کے نقصانات کے حوالے سے درخواستیں جمع کرنے کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے بدھ کے روز کریمی چورنگی سرجانی ٹاؤن میں یوسف گوٹھ ، عبد الرحیم گوٹھ،بسم اللہ ٹاؤن ،سیکٹر فوربی سمیت سرجانی ٹاؤن کے مختلف علاقوں میں حالیہ بارشوں سے متاثر ہونے والے افراد کے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔مظاہرے میں خواتین ،بچوں اور بزرگوں سمیت بڑی تعداد میں علاقہ مکینوں نے شرکت کی اور بارش سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نجات دلانے اور مسائل حل کرنے کا مطالبہ کیا،مظاہرے سے امیرجماعت اسلامی ضلع شمالی محمد یوسف، ناظم علاقہ سرجانی ٹاؤن مشتاق احمد ودیگر نے بھی خطاب کیا۔حافظ نعیم الرحمن نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مزیدکہاکہ سرجانی سے ڈیفنس تک ہر شہری پریشان ہے اور کوئی دادرسی کرنے والا نہیں ،پورے کراچی کو آفت زدہ قرار دے کر تمام متاثرین کو زرتلافی اد اکیا جائے ۔ انہوں نے کہاکہ آج حکمرانوں کی نااہلی کے باعث خواتین بھی سڑکوں پہ آنے پر مجبور ہوگئی ہیں اور اپنے مسائل حل کرنے کا مطالبہ کررہی ہیں۔انہوںنے کہاکہ ہم کسی غریب کو بے گھر نہیں ہونے دیں گے ، سب سے پہلے ان لوگوں کو پکڑا جائے جنہوںنے ناجائز جگہوں کو فروخت کیا اور تجاوزات قائم کرائیں،پہلے نالوں پر قبضہ کرانے والوں کے خلا ف کارروائی کی جائے ،متاثرین کو پہلے متبادل جگہیں دی جائیں پھر گھر خالی کرائے جائیں اور ان کے نقصانات کا ازالہ کیا جائے ۔ انہوں نے کہاکہ لیاری ایکسپریس وے کی تعمیر کے موقع پر نعمت اللہ خان نے ہزاروں خاندانوں کو پہلے متبادل جگہیں فراہم کیںاور پھر ان کے گھر خالی کرائے گئے ۔جماعت اسلامی تجاوزات کے خاتمے کے حق میں ہے لیکن اس کے ساتھ اس کے ذمے داروں کو بھی کٹہرے میں لایا جائے ۔ انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی عرصہ دراز سے سندھ میں حکمران ہے ، ایم کیو ایم بھی اس کے ساتھ اقتدار میں شریک رہی ہے ،شہر بھر میں مسائل اور تجاوزات کی ذمے داری انہی دونوں جماعتوں پر عاید ہوتی ہے ،میئر کراچی 4 سال تک اپنی میئر شپ کی مراعات اور سہولیات تو لیتے رہے لیکن اختیارات اور وسائل کا بہانہ بناکر شہر کے لیے کوئی کام نہیں کیا اور آخر وقت میں مگر مچھ کے آنسو بہاتے ہوئے رخصت ہوگئے ۔محمد یوسف نے کہاکہ سرجانی ٹاؤن کے بیشتر علاقوں میں گھروں کے اندر پانی کھڑا ہے لیکن کوئی دادرسی کرنے والا نہیں ہے، ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ سرجانی ٹاؤن سے منتخب نمائندے یہاں کے عوام کی داد رسی کرتے، آبادیوں میں پانی اس لیے داخل ہوا کیونکہ کرپٹ اور نااہل حکمرانوں نے نالوں پر انکروچمنٹ کرائی، شہری پوچھنے پر مجبور ہیں کہ حکومت کی مشینری کہاں ہے؟اور شہری یہ بھی پوچھ رہے ہیں کہ ان علاقوں کے حکومتی نمائندے کہاں ہیں؟، سرجانی ٹاؤن کے شہری بجلی نہ ہونے کی صورت میں شدید اذیت کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔