جماعت اسلامی خواتین کا کل سے ملک گیر عشرہ حجاب منا نے کا اعلان

643
جماعت اسلامی حلقہ خواتین کی مرکزی جنرل سیکرٹری دردانہ صدیقی ادارہ نورحق میں عالمی یوم حجاب کے حوالے سے پریس کانفرنس کررہی ہیں

 

کراچی(اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی خواتین نے کل بمورخہ 4ستمبر ’’عالمی یوم حجاب ‘‘ کے موقع پر ملک گیر سطح پر ’’حیا وحجاب‘‘ تحفظ بھی ، رحمت بھی ‘‘ کے عنوان سے عشرہ حجاب منانے اور اس دوران بڑے پیمانے پر سرگرمیوں کا اعلان کیا ہے اور حکومت سے مطالبہ کیاہے کہ ملک بھر میں حیااور حجاب کے کلچرکو عام کیا جائے، ملازمت پیشہ خواتین کا ان کی جائے ملازمت پر عزت ووقار اور تحفظ یقینی بنایا جائے ،اشتہارات اور
ڈراموں میں شرم و حیاکی دھجیاں نہ بکھیری جائیں،میڈیا کے ذریعے خواتین کا تقدس پامال ہونے اورعورت کی نسوانیت کی توہین کا عمل روکا جائے ، معاشرے کو بے راہ روی پر ڈالنے والے تمام عوامل کا قلع قمع کیاجائے ،میڈیا پر عورت کو شو پیس اور گلیمر گرل بنا کر پیش کرنے کے بجائے اسے عزت و احترام کا مقام دیا جائے،تعلیمی نصاب اس طرح مرتب کیا جائے کہ چھوٹی عمر سے ہی بچوں اور بچیوں میںحیا کی آبیاری ہو سکے۔ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی (حلقہ خواتین )پاکستان کی مرکزی جنرل سیکرٹری دردانہ صدیقی ،ڈپٹی سیکرٹری آمنہ عثمان، قائم مقام ناظمہ صوبہ سندھ رخشندہ ناز،ناظمہ کراچی اسما سفیر ،ڈائریکٹر میڈیا سیل عالیہ منصور، مرکزی سیکرٹری اطلاعات صائمہ افتخار اور دیگر خواتین نے بدھ کے روز ادارہ نورحق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔دردانہ صدیقی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہاکہ میڈیا اور کاروباری ادارے جس طرح عورت کی خوبصورتی کواشتہارات میں کمرشل مقاصد کے لیے استعمال کررہے ہیں، ہم پاکستانی خواتین اس کی مذمت اور مخالفت کرتی ہیں اور اس استعمال کو اپنی نسوانیت کی توہین سمجھتی ہیں۔ ہم یہ بھی باور کراناچاہتے ہیں کہ مسلمان عورت کوئی پروڈکٹ نہیں ہے جس کو اشتہارات میں نامناسب طور پر استعمال کیا جائے یا اس کے حسن سے اشیا کی قیمتیں متعین کی جائیں۔ یہ عورت کا کھلا استحصال ہے جو سرمایہ دارانہ نظام کی عطا ہے۔ میڈیا پر عورت کا استحصال اور بے راہ روی کے یہ رجحانات معاشرے میں عورت کے تحفظ اور احترام کی صورتحال کو مزید خراب کررہے ہیں۔خصوصاً آج بچہ ہو یابچی پہلے سے کہیں زیادہ غیر محفوظ ہو گئے ہیں۔ عالمی یوم حجاب کے اس موقع پر ہم ان منفی رجحانات کی اصلاح کرنے کے لیے معاشرے کے با شعور طبقات کو متوجہ کرنا چاہتے ہیں۔دردانہ صدیقی نے عشرہ حجاب کے دوران ہونے والی سرگرمیوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہاکہ زوم پر بین الاقوامی حجاب ویبینار کا اہتمام کیا جائے گا،بڑے شہروں میں ـ ـسیمینارز، کانفرنسز اور ڈسکشن فورمز رکھے جائیں گے،لاہور میں4ستمبرجبکہ اسلام آبادمیں 7 ستمبرکوڈسکشن فورمز اور اسٹڈی سرکلز،مباحثے منعقد کیے جائیں گے ۔ دردانہ صدیقی نے عوام سے اپیل کی کہ اپنی اقدار کے تحفظ ، آنے والی نسلوں کی شناخت کی خاطرعشرہ حجاب کا حصہ بنیں ، اپنی ماں ،بہن ، بیٹی اور بیوی کو عزت ،محبت اور تحفظ سے بھرپور معاشرہ دینے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں ۔ ہم میڈیا سے بھی توقع کرتے ہیں کہ ہمارا قومی میڈیا اور پریس عالمی یوم حجاب کو اس کے شایان شان طریقے سے مناتے ہوئے اپنے پروگرامات،خبروں اور خصوصی پیکجز میں حیا و حجاب کے کلچر کو معاشرے میں پروان چڑھانے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گا۔