سرجانی ٹائون‘ برساتی پانی کی نکاسی نہ ہوسکی ‘ 12روز سے بجلی بھی معطل

111

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی میں مون سون کی بارش کا سلسلہ ختم ہونے کے بعد بھی تاحال سرجانی ٹائون کے مکینوں کی زندگی معمول پر نہ آسکی جب کہ سرجانی ٹائون کے مختلف علاقوں میں جمع برساتی پانی کی مکمل نکاسی نہ ہونے کے باعث سڑکوں اور گلیوں میںکیچڑ
کی تہہ جم گئی ہے۔ حکومتی اداروں کی عدم توجہی اور غفلت کے باعث سرجانی ٹائون میں سیکٹر فور بی، بسم اللہ ٹائون، یوسف گوٹھ، عبدالرحیم گوٹھ سمیت مختلف علاقوں میں بارش کا پانی تاحال موجود ہے جس سے مکینوں کو آمد و رفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ سیوریج کے ناقص انتظامات کے باعث گٹروں کا آلودہ پانی گلی محلوں میں جمع ہوگیا ہے جس کے باعث ہوا میں شدید تعفن پھیل رہا ہے‘ گھروں کے نلوں میں بھی آلودہ پانی آ رہا ہے‘ گندگی و غلاظت کے ڈھیر کے باعث مکھیوں اور مچھروں کی افزائش میں بھی اضافہ ہوگیا ہے جس سے ڈنگی، ملیریا، ٹائیفائیڈ، ڈائریا جیسے وبائی امراض پھیلنے کا خدشہ ہے‘ علاقے میں گزشتہ12روز سے بجلی کی فراہمی بھی معطل ہے۔ علاقہ مکینوں نے بتایا کہ سرجانی ٹائون میں پینے کا صاف پانی تک میسر نہیں‘ پانی خرید کر پی رہے ہیں۔ بجلی اور پانی کی تنگی کی وجہ سے گھر چھوڑنے پر مجبور ہوگئے ہیں‘ حکومتی اور سیاسی رہنما یہاں آنے سے کترارہے ہیں‘ ہمارا کوئی پرسان حال نہیں ہے‘صرف سماجی ادارے کھانے پینے کی اشیا فراہم کر رہے ہیں‘ حکومت اور متعلقہ ادارے خدارا ہمارے مسائل حل کریں۔