بارشوں اور سیلاب سے 35افراد جاں بحق ، پل بہہ گئے

91

اسلام آباد/مانسہرہ (آئی این پی/ اے پی پی )ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں اور سیلاب نے تباہی مچادی ہے ،اس دوران حادثات میں 35افراد جاں بحق ہوگئے۔ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق سیلابی ریلوں سے کئی رابطہ پل بہہ گئے ہیں اور درجنوں دیہات زیر آب آگئے ہیں۔ضلع تورغر میں پہاڑی تودہ مکان پرگرنے سے7اور مانسہرہ کی تحصیل اوگی
میں4افراد جاں بحق ہوئے، بٹگرام کی تحصیل الائی میں پہاڑی تودہ گرنے سے 2بچیاں جاں بحق ہوئیں جب کہ بونیر میں مکان پرمٹی کا تودہ گرنے سے 2بچوں سمیت 3افراد جاں بحق ہوگئے۔ لوئرکوہستان اور مانسہرہ میں مکان کی چھت گرنے سے خاتون اور مرد جاں بحق ہوگئے جب کہ سوات میں بھی مختلف واقعات میں 5افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔صوبے بھر میں بارشوں کے بعد دریاؤں اور ندی نالوں میں سیلابی صورتحال ہے، بالاکوٹ کے دریا میں میاں بیوی سمیت 9افراد بہہ گئے جن کی تلاش جاری ہے۔دریائے کنہار، دریائے سندھ اور سرن کی قریبی آبادی کو نقل مکانی کرنیکی ہدایت کردی گئی ہے جب کہ دیربالا میں سیلابی ریلے میں لکڑی کے 4 پل اور 2 پن چکیاں بہہ گئیں، چترال میں سیلاب سے ریشن کے مقام پرگاؤں کا بڑا حصہ دریا برد ہوگیا۔آزاد کشمیرمیں بارشوں کے دوران مختلف حادثات میں10افراد جاں بحق ہوچکے ہیں اور بیشتر اضلاع میں شدیدبارش اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث کئی سڑکیں بند ہیں۔گلگت بلتستان میں لینڈ سے رابطہ سڑکیں بند ہوگئیں اور تحصیل کا زمینی رابطہ منقطع ہو گیا جب کہ ضلع غذر میں بھی لینڈ سلائیڈنگ سے کئی رابطہ سڑکیں بند ہیں۔