شوگر کمیشن رپورٹ کالعدم قراردینے کاسندھ ہائیکورٹ کافیصلہ معطل

94

اسلام آباد(آن لائن)عدالت عظمیٰ نے شوگر کمیشن کی رپورٹ کالعدم قراردینے کاسندھ ہائیکورٹ کافیصلہ معطل کردیااوروفاق کی اپیل سماعت کے لیے منظور کرلی۔عدالت نے 20شوگر ملز مالکان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا،سماعت ایک ماہ کے
لیے ملتوی۔چیف جسٹس گلزاراحمد کی سربراہی میں جسٹس مشیر عالم اور جسٹس اعجازالاحسن پر مشتمل بینچ نے سماعت کی۔چیف جسٹس نے کہا کہ کمیشن پر ایک اعتراض یہ تھا کہ اس کا نوٹی فکیشن جاری نہیں ہوا ۔ا ٹارنی جنرل نے کہا نوٹی فکیشن جاری ہو گیا تھا ،گزٹ میں شائع تاخیر سے ہوا۔عدالت عظمیٰ نے کہا متعلق اداروں کی شوگر کمیشن سے متعلق رپورٹ مکمل ہونے تک سندھ ہائیکورٹ کافیصلہ معطل رہے گا۔علاوہ ازیں عدالت عظمیٰ نے نئی گج ڈیم کی تعمیر سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران وفاقی و صوبائی حکومتوں سے نئی گج ڈیم کی تعمیر کو یقینی بنانے ،کچے کی زمین پر کاشت کاری روکنے ، دریاؤں اور نہروں کے اطراف شجرکاری کا حکم دیا ہے ۔چیف جسٹس نے حکم دیا کہ درختوں کی کلیاں نہیںکم ازکم 6 فٹ کے درخت لگا کر ان کو محفوط بنائیں۔جوائنٹ سیکرٹری وزارت پانی و بجلی نے اس موقع پر عدالت کو بتایا کہ نئی گج ڈیم کے پی سی ون کی ایکنک نے ابھی تک منظوری نہیں دی۔عدالت نے وفاق اور سندھ سے نئی گج ڈیم کی تعمیر سے متعلق وقت کا تعین مانگتے ہوئے سماعت ایک ماہ کے لیے ملتوی کر دی ۔