خیبر پختون خواہ کابینہ میں توسیع، سابق صوبائی وزیر کی واپسی

831

پشاور: وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ محمود خان نے کابینہ میں توسیع کرتے ہوئے سابق صوبائی وزیر شہرام خان ترکئی کی بھی کابینہ میں واپس شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ کے پی کے نے کابینہ میں شہرام ترکئی کے ساتھ باجوڑ سےمنتخب رکن اسمبلی انور زیب خان کو بھی کابینہ میں نمائندگی دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

نئے صوبائی وزرا سے کل صبح گورنر خیبر پختونخوا 12 بجے حلف لیں گے،دونوں وزرا کے قلمدانوں کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ خیبرپختونخوا کابینہ سے عاطف خان، شہرام ترکئی اور شکیل خان کو ایک ساتھ فارغ کیا گیا تھا، تینوں وزراء کو کابینہ کے فیصلوں سے انحراف اور حکومت کے لئے مشکلات پیدا کرنے پر وزیراعظم عمران خان نے تینوں وزراء کے منفی طرز عمل کی وجہ سے انہیں فارغ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

صوبائی کابینہ سے علیحدہ کیے جانے والے وزرا کی وزیراعظم عمران خان سے اسلام آباد میں ایک تفصیلی ملاقات بھی ہوئی تھی، جس کے بعد اطلاعات تھیں کہ اب تینوں وزرا کی واپسی ممکن ہو جائے گی لیکن ایسا نہیں ہوا تھا تاہم اب شہرام خان ترکئی کی کابینہ میں واپسی ہوگئی ہے۔