کرونا کے باعث ملتوی پی ایس ایل کے بقیہ میچز کے شیڈول کا اعلان

384

لاہور:پاکستان کرکٹ  بورڈ(پی سی بی )نے کرونا کے باعث   ملتوی ہونے والےپاکستان سپر لیگ فائیوکے بقیہ میچوں کے شیڈول کا اعلان کردیا۔

پی سی بی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ایونٹ کے چاروں بقیہ میچز 14، 15اور 17نومبرکو لاہور میں کھیلے جائیں گے،چودہ نومبر کو ایونٹ کا کوالیفائر اور ایلمنٹر ون، ڈبل ہیڈر کی بنیاد پر کھیلے جائیں گے۔

اس کے اگلے روز ایلیمنٹرٹو جبکہ فائنل17 نومبر بروز منگل کو ہوگا، کوویڈ19 کے سبب ایونٹ کے بقیہ میچز 17 مارچ کو ملتوی کردئیے گئے تھے۔

جاری کردہ شیڈول کے مطابق 14نومبر کو پہلے کوالیفائر میں ملتان سلطانز اور کراچی کنگز، ایلمنٹر ون میں لاہور قلندرز  اور پشاور زلمی مدمقابل ہونگی،

15 نومبر بروز اتوار کو  ایلمنٹر ٹو میں کوالیفائر ہارنے والی ٹیم اور ایلمنٹر ون جیتنے والی ٹیم میں مقابلہ ہو گا،17نومبر بروز منگل کو فائنل قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائیگا۔

بیان میں کہا گیا کہ ایونٹ کے بقیہ میچوں کی تاریخوں کو چاروں ٹیموں  ملتان سلطانز، کراچی کنگز، لاہور قلندرز اورپشاور زلمی کی مشاورت سے حتمی شکل دی گئی ہے جبکہ میچوں کے آغاز کا وقت بعد میں جاری کیا جائے گا۔

ایونٹ کے بقیہ چاروں میچز کوویڈ 19 پروٹوکولز کے تحت کھیلے جائیں جہاں تمام کھلاڑی، میچ آفیشلز اور متعلقہ اسٹاف بائیو سیکیور ماحول میں رہے گا،فی الحال چاروں میچز بند دروازوں میں کھیلے جانے کا پلان ہے تاہم اس حوالے سے  حتمی فیصلہ اکتوبر میں ہو گا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا ہے کہ اس اعلان کے بعد نہ صرف تمام قیاس آرائیاں دم توڑ جائیں گی بلکہ اب ان  میچوں کی تیاری کے لیے تمام ٹیموں کے پاس بھی مناسب وقت موجود ہے، فی الحال سب سے اہم یہ تھا کہ ٹورنامنٹ میں شریک یہ ٹیمیں ان تاریخوں کو اپنی ڈائری میں درج کرلیں۔