کراچی میں برساتی نالوں پر تجاوزات کے خلاف بڑا آپریشن شروع

774

کراچی کے ضلع وسطی میں برساتی نالوں پر قائم غیر قانونی تعمیرات کو مسمار کرنے کا آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر ضلع وسطی کے مطابق گجر نالے کے اطراف کیفے پیالہ کے قریب غیر قانونی تعمیرات گرانے کا عمل شروع کردیا گیا ہے، نالوں کے اطراف تجاوزات کو گرایا جائے گا۔

ڈی سی ضلع وسطی کا کہنا ہے کہ پہلے مرحلے میں نالوں پر قائم عمارتوں اور غیر قانونی دکانوں کے شیڈز کو ہٹایا جائے گا، نالہ اسٹاپ نیو کراچی اور ضیاالدین اسپتال کے اطراف نالوں پر تجاوزات صاف کی جائیں گی۔

ڈی سی ضلع وسطی نے کہا کہ دوسرے مرحلے میں غیر قانونی مکانات کو خالی کرایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ رہائشی افراد کو بے گھر نہیں کریں گے، رہائشیوں کو متبادل جگہ فراہم کرنے کے بعد آپریشن کا دوسرا مرحلہ شروع کیا جائے گا۔

گزشتہ روز فیڈرل کیپٹل ایریا کی مساجد سے اعلانات کیے گئے تھے آج (‏بدھ) کی صبح علاقے میں تجاوزات کے خلاف آپریشن شروع کیا جائے گا۔

آج صبح تجاوزات کے خلاف آپریشن کے اعلان کے بعد لیاقت آباد ایف سی ایریا کے مکینوں نے شدید احتجاج کیا۔ ڈی سی سینٹرل نے صبح سات بجے تک گھر خالی کرانے کا اعلان کیا جس کے خلاف علاقے کے افراد نے مظاہرہ کیا اور ناظم آباد اور لیاقت آباد کے درمیان ٹریفک معطل کردی۔

پولیس اور سندھ حکومت نے بعد میں واضح کیا کہ آپریشن رہائشی نہیں کمرشل تجاوزات کے خلاف کیا جائے گا جس پر مظاہرین منتشر ہوئے اور ٹریفک بحال کیا گیا۔

احتجاج ہوتے ہی سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے واضح کیا کہ کسی کا گھر نہیں گرایا جائے گا، آپریشن کمرشل تجاوزات کے خلاف کیا جا رہا ہے۔