قائد حزب اختلاف شہباز شریف کراچی پہنچ گئے

589

اپوزیشن لیڈر اور مسلم لیگ (ن)  کے صدر شہباز شریف ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچ گئے۔

کراچی ائیر پورٹ پرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہبازشریف کا کہنا تھاکہ بارشوں کے باعث  جان بحق ہونے والوں کی تعز یت کے لئے کراچی آیا ہوں۔

قائد حزب اختلاف نے  اپوزیشن رہنماؤں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ شہر کہ موجودہ صورتحال پر سیاسی جماعتیں سیاست سے گریز کریں ، وزیراعظم  کراچی آئیں سندھ حکومت کے ساتھ بیٹھ کر کام کریں۔

شہباز شریف نے حکومتی کارکردگی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ وفاق نے اربوں روپےکے فنڈز کا اعلان کیا تھا وہ کہاں ہے؟ اب تک جاری کیوں نہیں کیے گئے۔

مسلم لیگ کے صدر نے  کہاکہ  وفاقی حکومت کو سندھ میں بھرپور ترقیاتی کام شروع کرنے چاہئیں، لوگوں کے گھر میں پانی  ہے تو کئی روز سے بجلی نہیں، کاروبار کو اربوں کا نقصان ہوگیا ہے ،بارشوں سے متاثرہ علاقوں کے متاثرین سے اظہار یکجہتی کے لیے سب جماعتوں کو سیاست سے ہٹ کر کام کرنا ہوگا اور حکومت کو ان کے نقصان کا  معاوضہ ادا کرنا چاہیے۔

واضح رہے کہ شہبازشریف آج   وفد کے ہمراہ  پیپلز پارٹی کے شریک چیرمین بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کریں گے۔

قائد حزب اختلاف ایک روزہ دورے کے دوران سماجی کارکن فیصل ایدھی سے بھی ملاقات کریں گے  اور اسکے بعد  ناظم آباد میں پاکستان مسلم لیگ نواز کے دفتر جائیں گے جہاں وہ کراچی کی ضلعی تنظیم کا اعلان کریں گے۔