جماعت اسلامی خواتین کا ملک گیر سطح پر ”عشرہ حجاب“ منانے کااعلان

1362

  کراچی:خواتین جماعت اسلامی پاکستان نے 4ستمبر ”عالمی یوم حجاب“ کے موقع پر ملک گیر سطح پر ”حیا وحجاب“ تحفظ بھی، رحمت بھی“ کے عنوان سے عشرہ حجاب منانے اور اس دوران بڑے پیمانے پر پر سرگرمیوں کا اعلان کیا ہے اور حکومت سے مطالبہ کیاہے کہ ملک بھر میں حیااور حجاب کے کلچرکو عام کیا جائے۔

جماعت اسلامی (حلقہ خواتین)پاکستان کی مرکزی جنرل سیکریٹری دردانہ صدیقی نے  4ستمبر ”عالمی یوم حجاب“ کے حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا  ہےکہ ملازمت پیشہ خواتین کا ان کی جائے ملازمت پر عزت ووقار اور تحفظ یقینی بنایا جائے،اشتہارات اور ڈراموں میں شرم و حیاکی دھجیاں نہ بکھیری جائیں،میڈیا کے ذریعے خواتین کا تقدس پامال ہونے او رعورت کی نسوانیت کی توہین کا عمل روکا جائے۔

اس موقع پر جماعت اسلامی کی ڈپٹی سیکریٹری آمنہ عثمان، قائم مقام ناظمہ صوبہ سندھ رخشندہ ناز،ناظمہ کراچی اسماء سفیر،ڈائریکٹر میڈیا سیل عالیہ منصور مرکزی سکریٹری اطلاعات صائمہ افتخار اور دیگر خواتین بھی موجود تھیں۔

دردانہ صدیقی کا کہنا تھا کہ معاشرے کو بے راہ روی پر ڈالنے والے تمام عوامل کا قلع قمع کیاجائے،میڈیا پر عورت کو شو پیس اور گلیمر گرل بنا کر پیش کرنے کی بجائے اسے عزت و حترام کا مقام دیا جائے،تعلیمی نصاب اس طرح مرتب کیا جائے کہ چھوٹی عمر سے ہی بچوں اور بچیوں میں حیا کی آبیاری ہو سکے۔

انہوں نے مزید کہاکہ میڈیا اور کاروباری ادارے جس طرح عورت کی خوبصورتی کواشتہارات میں کمرشل مقاصد کے لیے استعمال کررہے ہیں، ہم پاکستانی خواتین اس کی مذمت اور مخالفت کرتی ہیں اور اس استعمال کو اپنی نسوانیت کی توہین سمجھتی ہیں۔

دردانہ صدیقی نے عشرہ حجاب کے دوران ہونے والی سرگرمیوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہاکہ زوم پر بین الاقوامی حجاب ویبینار کا اہتمام کیا جائے گا،بڑے شہروں میں    “سیمینارز‘  کانفرنسز اور ڈسکشن فورمز رکھے جائیں گے(لاہور،4ستمبر،اسلام آباد 7 ستمبر)،ڈسکشن فورمز اور اسٹڈی سرکلز،مباحثے منعقد کیے جائیں گے،محفوظ معاشرے کی تشکیل میں مردوں کی زمہ داریوں پر لیکچرز رکھوائے جائیں گے،معاشرے کی مختلف طبقات کی خواتین کی آراپرسروے کرایاجائیگا۔

دردانہ صدیق کا مزید کہنا تھا کہ یہ بات بھی اہم ہے کہ پردہ یا حجاب کبھی بھی ترقی کی راہ میں رکاوٹ نہیں بنا ہے۔الحمداللہ ہماری خواتین حجاب میں رہتے ہوئے پارلیمنٹ، تعلیم خدمت،میڈیا غرض ہر شعبہ ہائے زندگی میں اعتماد کے ساتھ خدمات سرانجام سے رہی ہیں۔