گورنر پنجاب کی وزیر اعلیٰ سندھ سے ملاقات، بارش سے نقصانات پر اظہار یکجہتی

414

کراچی (نمائندہ جسارت)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں ملاقات کی اور شدید بارشوں سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر سندھ کے عوام سے اظہار یکجہتی کی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا یہ ہماری طاقت ہے کہ جب بھی کوئی مشکل پیش آئے تو ہم مل کر کھڑے ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یکے بعد دیگر ملک کو تباہی سے دوچار ہونا پڑا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں ہم نے اپنی تیار فصلوں پر ٹڈی دل کے حملے دیکھے جس نے زرعی معیشت کو بہت بڑا نقصان پہنچایا اور پھر کورونا وائرس نے متاثر کیا اور اب شدید بارش نے تباہی مچا دی ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ ہم پر رحم کرے۔ گورنر پنجاب نے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ کو ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی۔