مذہبی ہم آہنگی کے فروغ میں پاکستان کے ساتھ ہیں‘ یورپی یونین

455

اسلام آباد (صباح نیوز)یورپی یونین کی طرف سے یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ میں پاکستان کے ساتھ ہیں ۔ وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے کہا ہے کہ قومی اقلیتی کمیشن کو ایکٹ آف پارلیمنٹ کے ذریعے بہتر بنایا جائے گا،مذہبی ہم آہنگی کمیٹیوں کو ضلعی سطح پر منظم کررہے ہیں۔ان خیالات کااظہار انہوں نے پاکستان میں یورپی یونین
کی سفیر انڈریولا کمنارہ سے ملاقات کے دوران کیا۔اس موقع پر یورپی یونین کے سفیر نے کہا کہ موجودہ حکومت کا کرتارپور راہداری منصوبہ بین المذاہب ہم آہنگی کی اعلیٰ مثال ہے۔ پیر نور الحق قادری نے کہا کہ اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور فلاح و بہبود کے لیے قومی اقلیتی کمیشن تشکیل دیا گیا ہے، اقلیتوں کی بہتر نمائندگی کے لیے پہلی بار ہندو کمیونٹی سے کمیشن کا سربراہ مقرر کیا ہے۔مذہب کی جبری تبدیلی کے مسئلے پر منفی پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔پاکستان اقلیتوں کی آزادی اور حقوق کی فراہمی کے لحاظ سے اپنے خطے میں نمایاں ہے، پاکستان نے دنیا بھر کی اقلیتوں کے حقوق کے لیے ہمیشہ آواز بلند کی ہے۔