لاپتا افراد کیس،عدالت کا تفتیشی افسران کیخلاف کارروائی کا حکم

263

کراچی (نمائندہ جسارت)سندھ ہائیکورٹ نے لاپتا افراد کی بازیابی کی درخواستیں عدم پیروی پر خارج کردیں،لاپتا عبد الرؤف کے کیس میں غفلت برتنے پر6تفتیشی افسران کیخلاف محکمہ جاتی کارروائی کرکے ایک ہفتے میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی اور پولیس سے لاپتا عتیق الرحمن اور شفیق کے حوالے سے تفصیلات طلب کرلیں ،واپس آنے والے فضل بادشاہ کو پیش کرنے کا حکم ۔منگل کو جسٹس نذر اکبر کی سر بر اہی میں 2رکنی بینچ نے عبد الرؤف،عتیق الرحمن ، شفیق اور فضل بادشاہ سمیت 20سے زاید لاپتا افراد کی بازیابی سے متعلق دائر درخواستوں کی سماعت کی۔عدالت نے کہا کہ مقدمے کے تفتیشی افسران بس یہ کہہ دیتے ہیں 2 جے آئی ٹیز اور 4 پی ٹی ایف ہو گئی ہیں جبکہ اتنے برسوں سے لوگ لاپتا ہیں اور یہ ہے تفتیشی افسران کی کارکردگی؟۔ جسٹس نذر اکبر کا کہنا تھا کہ اگر کوئی بندہ گم ہوگیا تو اس مطلب یہ نہیں اسے رینجرز یا پولیس نے غائب کردیا ہو ۔ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے عدالت کو بتایا کہ بوٹ بیسن کے علاقے سے لاپتا ہونے والا فضل بادشاہ گھر واپس آگیا ہے ۔ عدالت نے لاپتا افراد کی بازیابی کی درخواستیں عدم پیروی پر خارج کردیں۔