بارش سے نقصان،وفاق اور سندھ حکومت سے جواب طلب

156

کراچی (نمائندہ جسارت)سندھ ہائیکورٹ نے حالیہ بارشوں کے دوران ہونے والی تباہی کی تحقیقات کرانے سے متعلق درخواست پر صوبائی و وفاقی حکومت، کنٹونمنٹ بورڈ و دیگر اداروںسے جواب طلب کرلیا۔ منگل کو جسٹس محمد علی مظہر کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے سماعت کی ، عدالت نے فریقین سے 9 ستمبر کو جواب طلب کرلیا۔درخواست گزار کا موقف ہے کہ کراچی میں بارش سے تباہی کی تحقیقات اور ذمے داران کیخلاف کارروائی کی جائے، انتظامیہ کی غفلت نے شہریوں کو اذیت میں مبتلا کیا، مختلف واقعات میں41 افراد جاں بحق ہوئے،تجاوزات اور غیر
قانونی تعمیرات نے سیلابی صورتحال پیدا کردی جس سے شہریوں کی زندگی کو خطرہ لاحق ہے، تحقیقات کرکے متعلقہ اداروں کے ذمے داروں کیخلاف کارروائی کا حکم دیا جائے، متاثرین کو نقصان کا معاوضہ دیا جائے،فوری طور پر نالوں اور دیگر مقامات سے تجاوزات ختم کرنے کا حکم دیا جائے،درخواست میں چیف سیکرٹری، گورنر ہاؤس، وزیر اعلیٰ ہاؤس، محکمہ داخلہ ،سیکرٹری بلدیات، میٹروپولیٹن کمشنر،تمام کنٹونمنٹ بورڈز ،ایم ڈی واٹر بورڈ اور دیگر کو فریق بنایا گیا ہے