ٹنڈو آدم ،پولیس کی منشیات فروشوں کیخلاف کارروائی،3 گرفتار

189

ٹنڈوآدم ( نمائندہ جسارت)ٹنڈوآدم پولیس کی منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی، تین ڈیلر گرفتار، مبینہ لین دین کر کے دو ڈیلروں کو چھوڑ دیا گیا ،تیسرے پر مقدمہ درج۔ تفصیلات کے مطابق ٹنڈوآدم سٹی پولیس نے ایس ایچ او سٹی صغیر مغیری کی سربراہی میں خفیہ اطلاع پر ٹنڈوالٰہیار روڈ پر عمران پیٹرول پمپ کے نزدیک گوٹھ خدا آباد میں پھاٹک کے رہائشی منشیات فروش سرفراز خاصخیلی کو گرفتار کر کے بڑی مقدار میں گٹکا اور سفینہ برآمد کرلیا۔ دوسری کارروائی پگارا چوک پر کرتے ہوئے فوجی میواتی نامی منشیات فروش کو دو کٹے سمیت گرفتار کرلیا جبکہ پولیس کی تیسری کارروائی جیلانی اسٹریٹ کے رہائشی ملا ارشاد کے گھر پر چھاپا مار کر بڑی مقدار میں 10 سے زائد سفینہ تھیلے جے این ڈی ، بھاری مقدار میں پھیکی چھالیہ بر آمد کر کے ملا ارشاد کے خلاف دوہزار سفینہ پڑیاں اور گٹکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کردیا گیا ہے جبکہ دیگر سفینہ کے تھیلے پولیس نے غائب کردیے۔ ذرائع کے مطابق بدنام زمانہ ڈیلر ملا ارشاد کئی سالوں سے پولیس کی مبینہ ملی بھگت سے گھنائونا کاروبار جاری رکھے ہوئے ہے۔ سماجی تنظیموں نے حکام بالا سے منشیات فروش کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔