وزیراعلیٰ سندھ کا جھڈوکا دورہ ،متاثرین میں شدید مایوسی

238

جھڈو (نمائندہ جسارت)وزیر اعلیٰ سندھ نے اپنے دورہ سے متاثرین سیلاب اور جھڈو کے شہریوں کو شدید مایوس کردیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ نے منگل کو تحصیل جھڈو میں سیلابی صورت حال اورنکاسی آب کے نالوں پران ندی اور ایل بی او ڈی کے سیم نالوں کا معائنہ کیااور عمومی صورت حال کا جائزہ لیا،اپنے دورہ جھڈو کے موقع پر انہوں نے بارشوں سے تباہی پھیلانے والے سیم نالوں اور نکاسی آب کے ندی نالوں کو ری ڈیزائن کرنے کے حوالے سے کسی جامع پلان کا اعلان نہیں کیااور نہ ہی متاثرین کی خبرگیری کیلیے متاثرین کے کسی خیمہ بستی کا دورہ کیا جبکہ ان کا دورہ باقاعدہ طے بھی کیاگیا تھایوں متاثرین برسات وزیر اعلیٰ کی راہ تکتے رہ گئے۔صحافیوں سے گفتگو کے موقع پر سینئر صحافی خالد صدف کی جانب سے رورل ہیلتھ سینٹر کو تعلقہ اسپتال کا درجہ دے کر اپ گریڈ کرنے کا مطالبہ اور اصرار کیاگیا اور ساتھ ہی ساتھ سرکاری دفاتر کے لیے عمارتیں نہ ہونے کا شکوہ کیااور مطالبہ کیاکہ وزیر اعلیٰ اس حوالے سے کوئی باقاعدہ اعلان کریں لیکن بار بار اصرار کے باوجود وزیر اعلیٰ ان کا سوال گول مول کرگئے اور باقاعدہ اعلان کرنے سے دانستہ گریز کیا جس سے شہریوں میں شدیدمایوسی پھیل گئی جبکہ متاثرین بھی وزیر اعلیٰ سے خفا نظر آئے کیونکہ پہلے وزیر اعلیٰ کو جھڈو کے گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج میں قائم متاثرین کے ریلیف کیمپ کا دورہ کرنا تھا لیکن عین وقت پر وزیر اعلیٰ نے اپنا پروگرام تبدیل کرلیا اور وہ جھڈو ٹنڈو جان محمد بائی پاس کا روٹ لے کر نوکوٹ روانہ ہوگئے۔