حیسکو ملازمین ایک خاندان ہے،دکھ درد بانٹنے آئے ہیں،عبدالطیف

189

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)ملازمین اور یونین ایک برادری کی مانند ہیں جس طرح ایک خاندان کے افراد ایک دوسرے کے دکھ درد اور سکھ میں ایک دوسرے کے شانہ بشانہ ہوتے ہیں اُسی طرح ہمارا بھی آپس میں یہی محبتوں کا رشتہ قائم ہے آپ لوگوں کے دکھ درد میں شرکت کرکے ہم نے آپ پر کوئی احسان نہیں کیا بلکہ اپنا فرض منصبی ادا کرنے کی کوشش کی ہے آپ کو اپنے پیاروں کے بچھڑنے کا جو دکھ آپ برداشت کررہے ہیں ہم اس تکلیف کو بانٹنے آئے ہیں دعا ہے کہ اللہ رب العزت آپ کو اس عظیم صدموں سے نبر آزما ہونے اور صبر جمیل کی توفیق عطا کرے۔ ان خیالات کا اظہار آل پاکستان واپڈا ہائیڈروالیکٹرک ورکرز یونین (CBA) کے مرکزی صدراور صوبائی چیئرمین عبداللطیف نظامانی نے کوٹ غلام محمد اور سامارو میں واپڈا ملازمین کے پیاروں کے اس دنیا سے کوچ کرجانے والوں پر تعزیتی دورے پر کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ صوبائی جنرل سیکرٹری سندھ اقبال احمد خان ، اعظم خان ، محمد حنیف خان، ریحان اقبال قائمخانی ، عبدالمناف نظامانی کے علاوہ زونل چیئرمین میرپورخاص یوسف سومرو، سکندر مہر ، اقبال لودھی، نوید قائمخانی ، سعید بابو، شاہد کاظمی ، بھی موجود تھے۔کوٹ غلام محمد میں شاہد قائمخانی کی والدہ ، لونگ خان کی اہلیہ ، جہانزیب کے والد، مسلم قائمخانی کے بھائی اور سامارو میں یونین کے سابقہ صوبائی سیکرٹری کی ہمشیرہ اور راجو قائمخانی کی والدہ کے انتقال پر تعزیت کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا یہاں حیدرآباد سے آنا اور آپ کے دکھ میں شرکت اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ ہمارا اور آپ کا رشتہ اپنائیت اور خلوص کا ہے جو فاصلوں، رنگ و نسل سے بالا تر ہے سارے ملازمین ایک دھاگے میں پروئے ہوئے اس تسبیح کی طرح ہیں جو ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں اور اس اتحاد کی بدولت آج ہمیں یہ طاقت حاصل ہے کہ ہم بہت سارے اپنے مسائل حل کرالیتے ہیں دعا ہے کہ اللہ رب العزت آپ کو اپنے پیاروں کے بچھڑنے کے دکھ کو برداشت کرنے اور صبر کا حوصلہ عطا کرے اور مرحومین کی بخشش فرماتے ہوئے انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ سے اعلیٰ مقام عطا کرے۔ (آمین )۔اس موقع پر صوبائی سیکرٹری اقبال احمد خان نے مرحومین کے ایصال ثواب کیلیے خصوصی دعائیں کرائیں۔