پنگریو ،مختلف علاقوں میں نصب بجلی کے8 ٹرانسفارمرمرمت نہ ہوسکے

158

پنگریو( نمائندہ جسارت)پنگریو شہر کے مختلف محلوں میں نصب بجلی کے آٹھ ٹرانسفارمر دس روز گزرجانے کے باوجودتبدیل نہیں کیے گئے اور نہ ہی ان کی مرمت کرائی گئی ہے جس کی وجہ سے شہرکے بڑے حصے میں بجلی کی فراہمی بدستور معطل ہے، بجلی معطل ہونے کے باعث شہری زندگی مفلوج ہوکررہ گئی ہے اور شہر میں پینے کے پانی کابحران پیداہوگیاہے جبکہ سیوریج کانظام بھی ناکارہ ہوگیا ہے، ٹرانسفارمرجلنے کے باعث رات کے وقت شہر تاریکی میں ڈوب جاتا ہے جس کی وجہ سے چوری اور دیگر وارداتوں کابھی خدشہ پیدا ہوگیا ہے ۔پنگریوکی سیاسی اورسماجی تنظیموں نے دس روزگزرجانے کے باوجود ٹرانسفارمر تبدیل نہ کرنے کے خلاف حیسکو پنگریو کے لائن سپرنٹنڈنٹ اور ایس ڈی اوتلہار سب ڈویژن کے خلاف شدیداحتجاج کیا ہے ان سیاسی اورسماجی تنظیموں کے رہنمائوں نے میڈیاکوبتایاکہ پنگریوجیسے بڑی آبادی کے حامل شہر کوگزشتہ دس روز سے اندھیرے میں ڈبودیاگیا ہے۔انہوں نے کہاکہ حیسکو پنگریو کالائن سپرنٹنڈنٹ ٹرانسفارمروں کی مرمت کے نام پرشہریوں سے لاکھوں روپے رشوت مانگ رہا ہے رشوت نہ ملنے پر ٹرانسفارمرتبدیل یامرمت نہیں کیے جارہے جس کی وجہ سے شہر کی 80 فیصد آبادی بجلی سے محروم ہے۔ پنگریوکے سیاسی اورسماجی رہنمائوں نے وفاقی وزیرپانی اوربجلی اورچیف ایگزیکٹو حیسکو سے مطالبہ کیا ہے کہ پنگریو میں 8 ٹرانسفارمر جلنے اوران کی مرمت نہ کرانے کے معاملات کی انکوائری کرائی جائے اورشہریوں سے ٹرانسفارمرکی مرمت کے نام پربھاری رشوت طلب کرنے والے مقامی حیسکوافسران کے خلاف کارروائی کی جائے بصورت دیگر شہر میں حیسکو کے خلاف شٹرڈائون ہڑتال کی جائے گی۔