دادو میں سیلاب سے تباہی ،وبائی امراض پھوٹ پڑے ،5 بچے جاں بحق

301

دادو(نمائندہ جسارت)سندھ کے ضلع دادو کے تحصیل جوہی کی گاج ندی میں سیلابی پانی کی تباہ کاریاں جاری ہیں اور وبائی امراض سے 5 بچے جاں بحق ہوگئے جبکہ سیلاب متاثرین کھلے آسمان تلے بے یار و مددگار پڑے ہیں۔جوہی اور کاچھو میں حالیہ بارشوں کے باعث سیلابی پانی سے سیکڑوں گاؤں متاثر اور مکانات منہدم ہونے سے ہزاروں افراد بے گھر ہوگئے جبکہ کروڑوں روپے کا مالی نقصان ہوا ہے۔ زمینی رابطہ منقطع ہونے سے صورتحال سنگین ہوگئی ہے جبکہ خوراک کا بحران بھی پیدا ہوگیا ہے۔ضلعی انتظامیہ اور دادو سے منتخب اراکین اسمبلی عوام کی مشکلات کے حل میں دلچسپی لیتے نظر نہیں آتے جن کی نااہلی کے باعث امدادی راشن، صاف پانی، ٹینٹ اور طبی سہولیات کی فراہم نہیں کی جارہی۔ سیلاب متاثرین بھوک اور بیماریوں کا سامنا کررہے ہیں اور مسلسل 26 روز سے کھلے آسمان تلے بے یار و مددگارپڑے ہیں ۔ سیلابی پانی استعمال کرنے سے لوگوں میں ڈائریا اور دیگر وبائی امراض پھوٹ پڑے۔ کاچھو کے مرکزی شہر واہی پاندھی میں 5 بچے پیٹ کی بیماریوں سے دم توڑ چکے ہیں۔متاثرین نے ضلعی انتظامیہ اور پی پی کی مقامی قیادت پر امدادی سامان کی بندر بانٹ کا الزام لگاتے ہوئے راشن اور ٹینٹ کی جیالوں میں تقسیم کے خلاف احتجاج کیا۔