میرپورخاص،شرپسند عناصر بارش کا پانی نہ نکالنے کیلیے سرگرم

372

 

میرپورخاص(نمائندہ جسارت) میرپورخاص میں ایک مخصوص ٹولے کے شر پسند عناصر شہر سے بارش کے پانی کی نکاسی کو روکنے کے لیے متحرک ہو گئے شہر کے مختلف علاقوں میں نکاسی کی لائنوں میں پتھر اور بوریاں لگا کر پانی کی نکاسی بند کر دی گئی عوام پریشان ، بارش کو 24 گھنٹے گزرنے کے باوجود بیشتر گلی محلوں اور شاہراہوں میں بارشوں کے پانی کی نکاسی نہیں ہو سکی جبکہ کئی علاقوں میں بجلی کی سپلائی بند بارش کے پانی کی نکاسی اور بجلی کی بندش کے خلاف شہری سڑکوں پر نکل آئے، ٹائر نذر آتش، سڑکیں بلاک۔ تفصیلات کے مطابق ضلع بھر میں تیز طوفانی بارشوں کے بعد میرپورخاص شہر کے مختلف علاقوں میں موجود بارش کے پانی کی نکاسی نہیں ہو سکی ہے جس کے باعث عوام سخت مشکلات کا شکار ہیں میونسپل کمیٹی کا عملہ صرف بااثر افراد اور سیاستدانوں کے گھروں کے سامنے سے پانی نکالنے میں مصروف ہے جبکہ شہر کے غریب اور متوسط طبقے کے علاقوں میں بارش کے پانی کی نکاسی نہیں ہو سکی ہے اور جہاں سے بارش کے پانی کی نکاسی کی گئی ہے وہاں کیچڑ اور گندگی پیدا ہو گئی جسے صاف نہیں کیا جا رہا ہے۔ معلوم ہواہے کہ شہر کے علاقے سیٹلائٹ ٹائون ، پہنور کالونی اور ملک ریاض کالونی سمیت دیگر میں پانی کی نکاسی کو روکنے کے لیے ایک مخصوص ٹولے کے شر پسند عناصر کی جانب سے نکاسی آب کی لائنوں میں پتھر اور بوریاں ڈال کر پانی کی نکاسی کو بند کر نے کی ایک مرتبہ پھر سے سازشیں شروع ہو گئیں ہیں جس کے باعث ان علاقوں میں گٹر ابل رہے ہیں اور نکاسی آب کا پانی گھروں میں داخل ہو گیا ہے جبکہ سیٹلائٹ ٹائون ، کھان روڈ ، حمیدپورہ کالونی ،بھانسگھ آباداور ہیرآبادودیگر علاقوں میں صفائی کا عملہ غائب ہے اور بارش کو بند ہوئے 24 گھنٹے گزر چکے ہیں لیکن حیسکو کی جانب سے بیشتر علاقوں میں بجلی کی بحالی نہیں ہو سکی ہے بجلی کی عدم فراہمی اور بارش کے پانی کی نکاسی نہ کرنے کے خلاف مارکیٹ چوک ، بھانسنگھ آباد ، مالہی کالونی، کوری گوٹھ اور ہیر آباد کے مکینوں نے حیسکو اور میونسپل کمیٹی کی انتظامیہ کے خلاف احتجاجی مظاہرے اور سڑکوں پر ٹائر نذر آتش کر کے سڑکیں بند کر دیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ہمارے علاقوں میں بجلی کی بحال کی جائے اور گلی محلوں میں جمع بارش کے پانی کو نکال کر شہریوں کو اس اذیت سے نجات دلائی جائے۔