ٹنڈوآد م ، آشنا کے ساتھ مل کر شوہر کو قتل کرنے والی ملزمہ گرفتار ، جرم کا اعتراف

521

 

ٹنڈوآد م ( نمائندہ جسارت)ٹنڈوآدم میں پولیس اہلکار کی اہلیہ کا عاشق کے ہاتھوں اہلکار کو قتل کرانے کا انکشاف،6 افراد کے خلاف مقدمہ درج ،4ملزمان کی گرفتاری ظاہر ،اہلیہ کا جرم کا اعتراف، دو پستول اور واردات میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل برآمد۔ تفصیلات کے مطابق ٹنڈوآدم میںچار روز قبل ڈوگر نگر میں شہید بینظیر بھٹو پارک کے قریب ملزمان کے ہاتھوں جاں بحق ہونے والے پولیس اہلکار نعیم گل بجورو کے قتل کا پردہ فاش ہو گیا ،مقتول کے بھائی پی ٹی آئی ٹنڈوآدم کے تعلقہ صدر عظیم گل بجورو نے سٹی تھانے پر مقتول کی اہلیہ مسمات شمع سمیت 6 ملزمان راجا شاہد پٹھان ، شکیل عباسی ، اسد علی ، کامران اور ذیشان عباسی کے خلاف مقدمہ درج کرادیا جس میں بتایا گیا ہے کہ بھابھی کے شاہد پٹھان سے تعلقات تھے جس کی بنا پر ملزمان کے ساتھ مل کر میرے بھائی کو قتل کرایا گیا ہے۔ پولیس نے مقدمے میں نامزد مقتول کی اہلیہ سمیت 6 ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے جبکہ پولیس کی جانب سے مقتول کی اہلیہ شمع ، اسد علی شیخ ، شکیل عباسی ،راجا شاہد پٹھان کی گرفتاری ظاہر کر کے ریمانڈ کے لیے عدالت میں پیش کردیا گیا ہے۔ عدالت نے ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دیا ہے ۔اس سلسلے میں ڈی ایس پی ایوب بروہی نے بتایا کہ اہلیہ شمع نے جون سے قبل دو شادیاں کی تھیں جس میں ایک شوہر سے طلاق لے کر دوسری شادی کی تھی دوسرے شوہر کے انتقال کے بعد تیسری شادی پولیس اہلکار نعیم گل بجورو سے کی ۔علاوہ ازیں راجا شاہد پٹھان نے تعلقات قائم کر کے شوہر کو قتل کرانے کا ٹاسک دیا ۔دوسری جانب مقدمے کی تفتیش کرنے والے شریف گڈانی نے صحافیوںڈ کو بتایا کہ واردات میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل اور دو پستول بھی برآمد کرلیے ہیں۔ذرائع کے مطابق پولیس کی جانب سے 6 میں سے 4 ملزمان کی گرفتاری ظاہر کردی ہے جبکہ دو ملزمان کامران غوری اور ذیشان عباسی کی گرفتاری پولیس نے ابھی تک ظاہر نہیں کی ہے جو پولیس کی تحویل میں ہیں۔