وفاقی حکومت کے ادارے سندھ کے لوگوں کی مدد کررہے ہیں

120

سکھر (نمائندہ جسارت) پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ کراچی کو ڈبونے کے بعد پیپلز پارٹی کے مداریوں نے سکھر میں تماشے لگانے شروع کردیے ہیں۔ قمر الزمان کائرہ اپنے ساتھ لاپتا بلاول زرداری کو بھی سندھ لے آتے۔ کائرہ صاحب صوبائی وزراء سے پوچھتے کہ سندھ کیوں ڈوبا؟ قمر زمان کائرہ اپنی پارٹی کے صوبائی وزراء سے پوچھتے کے سندھ کے لوگوں کی کیا مدد کی گئی؟۔ خرم شیر زمان کا مزید کہنا تھا کہ ایف اے ٹی ایف بل پاس کرانے کے لیے اپوزیشن نے حکومت سے این آر او کی بھیک مانگی، عوام نے دیکھا کہ اپوزیشن کے ذاتی مفادات ملکی مفادات سے بالاتر ہیں۔سندھ حکومت کی ناکامیوں کو سومناتھ کی فتح دکھانے کی ناکام کوشش کی جارہی ہے۔ وفاقی حکومت کے ادارے سندھ کے لوگوں کی مدد کررہے ہیں۔ حالیہ بارشوں میں جب پورا کراچی پانی میں ڈوبا ہواتھا اس وقت بھی کراچی کے شہریوں کی مدد کے لیے صرف فلاحی تنظیمیں نظر آرہی تھیں۔ سندھ حکومت کے پاس ایک بھی ریسکیو کا ادارہ موجود نہیں۔ شہر کی صفائی ستھرائی کے نام پر عالمی اداروں سے اربوں روپے کے فنڈ ہڑپ کرنے کے باوجود پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت نے کراچی کے لیے کچھ نہیں کیا۔ اس وقت سندھ کے مختلف شہر اور اضلاع پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں لیکن پیپلز پارٹی کی قیاد ت ان کی مدد کرنے کے بجائے اپنی سیاست چمکانے میں مصروف ہے۔ اپوزیشن جتنے چاہے ہتھکنڈے استعمال کرلے کسی بھی چور اور لٹیرے کو این آر او نہیں ملے گا۔ ملک و قوم کا پیسہ لوٹنے والوں کے گرد احتساب کا گھیرا مزید تنگ ہوگا اور ملکی خزانے کو بے دردی سے لوٹنے والوں سے ایک ایک پائی کا حساب لیا جائے گا۔